0
Monday 18 Jan 2021 13:12

اسلام آباد پولیس نے پوسٹیں ختم کرنے کے بعد سکیورٹی کا اسمارٹ طریقہ متعارف کرا دیا

اسلام آباد پولیس نے پوسٹیں ختم کرنے کے بعد سکیورٹی کا اسمارٹ طریقہ متعارف کرا دیا
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت سے چیک پوسٹیں ختم کرنے کے بعد سکیورٹی کا اسمارٹ طریقہ متعارف کروا دیا۔ اسلام آباد پولیس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں سکیورٹی کے اس جدید طریقہ کار "اسمارٹ اسٹاپ اینڈ سرچ" کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ ایس پی اسلام آباد پولیس محمد عمر خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کرائم کنٹرول کے لیے ایک نئی اسٹریٹجی شروع کی ہے، جس میں ہر زون میں ایک اسٹاپ اینڈ سرچ سرپرائز پوائنٹ ہوتا ہے، ہر دو گھنٹے بعد پولیس اہلکار اپنی پوزیشن تبدیل کرتے ہیں اور نئی جگہ پر جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کی جتنی بھی بڑی سڑکیں ہیں، وہاں کرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے چیکنگ کی جاتی ہے، ساتھ ساتھ عوام کی عزت و وقار کو یقینی بنانے کے لیے اور ان کے تحفظ کے لیے ہم نے اس چیکنگ سسٹم کو اس طرح ڈیزائن کیا ہے کہ اس میں 5 مرد کانسٹیبلز کے ساتھ ایک لیڈی کانسٹیبل ہوتی ہے، جو چیکنگ کر رہی ہوتی ہے۔

ایس پی عمر خان نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی اسمارٹ کار بھی چیکنگ کے دوران اس علاقے میں موجود ہوتی ہے، جو ہر چیز کو لائیو دیکھ رہی ہوتی ہے اور وہ فیڈ سیف سٹی کمانڈ سینٹر سے بھی مانیٹر ہو رہا ہوتی ہے، ساتھ ساتھ ہمارے آفیسرز جن کے پاس ہینڈ سیٹ ہیں، وہ بھی اس کو مانیٹر کرسکتے ہیں۔ ایس پی اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ہم چیکنگ کے ساتھ ساتھ اس چیز کو یقینی بناتے ہیں کہ عوام کو کم سے کم مشکل کا سامنا ہو اور پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ چیکنگ اس طرح سے کرنی ہے کہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور ایسی گاڑیاں جن میں فیملیز ہیں، ان کا خاص خیال رکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 910845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش