0
Monday 18 Jan 2021 22:26

بھارت کی کسان تحریک، ٹریکٹر ریلی کو لیکر کسانوں اور دہلی پولس کے درمیان میٹنگ شروع

بھارت کی کسان تحریک، ٹریکٹر ریلی کو لیکر کسانوں اور دہلی پولس کے درمیان میٹنگ شروع
اسلام ٹائمز۔ دہلی پولس کے جوئنٹ کمشنر ایس ایس یادو اور ایڈیشنل ڈی ایس پی کسان لیڈروں کے ساتھ سنگھو بارڈر پر میٹنگ کر رہے ہیں۔ ٹریکٹر ریلی کو لے کر کسانوں اور دہلی پولس کے درمیان یہ بات چیت چل رہی ہے۔ کسانوں کے 6 نمائندے 26 جنوری کو مجوزہ ٹریکٹر ریلی کے طور طریقوں کو لے کر جوئنٹ کمشنر کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ ریلی نکالنے کی اجازت کے لئے ایک رسمی خط دہلی پولس کو دی جائے گی۔ دہلی پولس نے کسانوں کے نمائندوں سے ریلی کے بارے میں پورا منصوبہ بتانے کے لئے کہا ہے۔

کسان تحریک کو شدت بخشنے کے لئے اب خواتین نے بھی ہزاروں کی تعداد میں کمر کس لی ہے۔ آج دہلی اور اسکے اطراف میں کسانوں کا دن منایا گیا اور بڑی تعداد میں مختلف مقامات پر مظاہروں کی رہنمائی خواتین نے کی۔ اس دوران ہریانہ کے مختلف گاؤں سے تعلق رکھنے والی ہزاروں خواتین کھٹکڑ ٹول پر چل رہے دھرنے پر ٹریکٹر سے پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری کو دہلی کی پریڈ میں ان کی شراکت داری سب سے خاص رہے گی۔ 26 جنوری کو کسان مظاہرین ٹریکٹر پریڈ نکالنے کی پوری تیاری کر رہے ہیں۔ اس پریڈ کے پیش نظر براڑی کے نرنکاری سماگم گراؤنڈ سے کئی کسان مظاہرین ٹریکٹر لے کر ٹیکری بارڈر کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔ ایک کسان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیکری بارڈر جا رہے ہیں، ٹیکری بارڈر پر ٹرالی کھڑی کر کے ہم 26 جنوری کو ٹریکٹر پریڈ کی تیاری کریں گے۔

بھارتی عدالت عظمٰی کے ذریعہ کسانوں کو دہلی میں داخل ہونے جیسے معاملوں پر انتظامیہ کو فیصلہ لینے کے لئے کہے جانے پر کسانوں میں خوشی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سپریم کورٹ میں آج ہوئی سماعت کو کچھ کسان لیڈران اپنی فتح قرار دے رہے ہیں۔ کسان لیڈر ستنام سنگھ پنّو کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا ٹریکٹر ریلی کے معاملے میں مداخلت نہ کرنا کسانوں کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولس اور مودی حکومت اس مسئلہ پر کسانوں سے بات کرے، ہم پُرامن طریقے سے اپنی ریلی نکالیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی ریلی سے یوم جمہوریہ کی پریڈ کو متاثر نہیں کریں گے، ہم الگ علاقے میں اپنی ریلی نکالیں گے، اگر پولس روکتی ہے تو بھی ہم ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔
خبر کا کوڈ : 910943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش