0
Monday 18 Jan 2021 23:50

14 فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کا اجلاس عنقریب قاہرہ میں منعقد ہو گا، عبداللہ عبداللہ

14 فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کا اجلاس عنقریب قاہرہ میں منعقد ہو گا، عبداللہ عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک الفتح کے مرکزی رہنماء عبداللہ عبداللہ نے خبر دی ہے کہ مصر کے دارالحکومت میں عنقریب 14 فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔ الفتح کے مرکزی رہنماء نے عرب ای مجلے عربی21 کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قاہرہ میں عنقریب منعقد ہونے والا اجلاس فلسطینی سیاسی بحران کے بعد فتح اور حماس کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کے مطابق منعقد کیا جا رہا ہے جس میں مزاحمت کے نئے رستوں کا تعین کیا جائے گا۔ عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں انتخابات، سیاسی عمل اور اس کے بعد کے عملی اقدامات پر گفتگو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس اجلاس میں آئندہ کے لئے ایک ایسے سیاسی لائحۂ عمل پر اتفاق حاصل کر لیا جائے جس پر مستقبل میں عمل کیا جائے اور سب فریق اس پر متفق ہوں۔

حماس کے مرکزی رہنما نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سمیت بہت سے ایسے اہم مسائل ہیں جن کا ہمیں بہترین حل نکالنا ہے جبکہ یہ اجلاس ان مسائل کے حل کا ضامن ہو گا کیونکہ یہ فلسطین کے اندرونی اختلافات کے خاتمے، متحدہ قومی حکومت کی تشکیل اور سیاسی عمل میں تمام فریقوں کی شراکت کی جانب ایک اہم قدم محسوب ہوتا ہے۔ عبداللہ عبداللہ نے اپنی گفتگو کے آخر میں اس اجلاس کے لئے قاہرہ کے انتخاب کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ نے سال 2007ء میں مصر کو فلسطینی اختلافات کے خاتمے کا ٹاسک دیا تھا۔ واضح رہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس کے اعلان کے مطابق فلسطین کے پارلیمانی انتخابات 22 مئی، صدارتی انتخابات 31 جولائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات 31 اگست 2021ء کے روز منعقد کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 910985
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش