0
Tuesday 19 Jan 2021 08:54

عمرکوٹ PS-52، ضمنی الیکشن کا میدان پیپلز پارٹی نے مار لیا

عمرکوٹ PS-52، ضمنی الیکشن کا میدان پیپلز پارٹی نے مار لیا
اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 52 عمرکوٹ ٹو پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ہے، جس پر حلقے میں جشن کا سماں تھا۔ تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ کے پی ایس 52 پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران قائم کئے جانے والے تمام 128 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار سید امیر علی شاہ نے 50 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی ہے، جبکہ ان کے مدمقابل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم صرف 30 ہزار 921 ووٹ ہی لے سکے۔ نتائج سامنے آنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان سید امیر علی شاہ کی رہائشگاہ پر جمع ہوگئے اور جیت کا جشن منایا۔ یہ نشست سابق صوبائی وزیر اور امیر علی شاہ کے والد علی مردان شاہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

دریں اثناء سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 52 عمرکوٹ ٹو کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پیر کو پولنگ کا عمل پُرامن طریقے سے بلاتعطل جاری رہا، تاہم بعض دیہی علاقوں سے سیاسی حامیوں کے درمیان تصادم اور تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے۔ صحرائی گاوں بوجرا جیو میں قائم پولنگ اسٹیشن پر دونوں پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان تصادم ہوگیا، جس کے دوران ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کے استعمال سے دونوں اطراف سے آٹھ افراد زخمی ہوئے، جن کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، جھگڑے کے دوران ہوائی فائرنگ بھی ہوئی۔ مخالفین کے حملے کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے حامیوں کی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے گئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ واضح رہے کہ پیر کی صبح پولنگ کے آغاز کے وقت سردی کی شدت کی وجہ سے پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹر نہ ہونے برابر تھے، لیکن سردی کی شدت میں کمی آنے کے بعد پولنگ اسٹیشنوں پر مرد و خواتین کا رش اور لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
خبر کا کوڈ : 911006
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش