QR CodeQR Code

وادی کشمیر میں شدید سردیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے، جملہ آبی ذخائر منجمد

19 Jan 2021 14:53

شدید سردیوں کے باعث وادی کے شہر و گام کے آبی ذخائر بشمول جھیل ڈل منجمد ہیں اور مساجد و خانقاہوں یہاں تک کہ گھروں میں نصب نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم گیا ہے جس سے لوگ پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وادی کشمیر میں شدید سردیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے، جس کے باعث اہلیان کشمیر گوناگوں کے مشکلات سے دوچار ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں برف باری کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 22 سے 25 جنوری تک ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے تاہم 21 جنوری تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ وادی کشمیر میں منگل کے روز بھی اگرچہ موسم خشک بھی رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی لیکن شبانہ سردیوں کا زور برابر جاری رہنے سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید سردیوں کے باعث وادی کے شہر و گام کے آبی ذخائر بشمول جھیل ڈل منجمد ہیں اور مساجد و خانقاہوں یہاں تک کہ گھروں میں نصب نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم گیا ہے جس سے لوگ پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں۔

خواتین کو پینے اور کھانا پکانے کے لئے پانی کی تلاش میں ٹھٹھرتی سردی میں دور کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ وادی میں جاری شدید سردیوں سے معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں جہاں کاروباری سرگرمیاں صبح کے وقت دیر سے شروع ہو رہی ہیں وہیں سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی ذرا دیر سے ہی نمودار ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بتادیں سرینگر میں 14 جنوری کی شب نہ صرف رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی بلکہ سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کشمیر کو بھارت کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سرینگر جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز بھی ٹریفک کی یک طرفہ نقل و حمل جاری رہی۔


خبر کا کوڈ: 911042

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911042/وادی-کشمیر-میں-شدید-سردیوں-کا-سلسلہ-تھمنے-نام-ہی-نہیں-لے-رہا-ہے-جملہ-ا-بی-ذخائر-منجمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org