QR CodeQR Code

علامہ رضا حیدر کیخلاف کالعدم جماعت کی ایماء پر کاٹی گئی جھوٹی ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہیں، علامہ صادق جعفری

19 Jan 2021 17:09

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ریاست پاکستان کالعدم جماعتوں کو لگام دے، ایک بےبنیاد الزام کی آڑ میں علامہ رضا حیدر رضوی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کالعدم جماعت اور پولیس ڈیپارٹمنٹ میں موجود کالی بھیڑوں کے گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کہا ہے کہ علامہ رضا حیدر رضوی کےخلاف کالعدم جماعت کی ایماء پر کاٹی گئی جھوٹی ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے بتائیں کہ علامہ رضا حیدر رضوی کی وہ گفتگو جس پر مقدمہ درج کیا گیا اس میں کون سا جملہ قابل اعتراض و توہین آمیز ہے، ہمارے علماء و خطباء قرآن وحدیث کے علاوہ کسی کا سہارا نہیں لیتے، علامہ رضا حیدر رضوی تنہا نہیں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ بات ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے وحدت ہاؤس کراچی سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کالعدم جماعتوں کو لگام دے، ایک بےبنیاد الزام کی آڑ میں علامہ رضا حیدر رضوی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کالعدم جماعت اور پولیس ڈیپارٹمنٹ میں موجود کالی بھیڑوں کے گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔

علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ جن تنظیموں کو ریاست پاکستان نے کالعدم قرار دیا انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیئے تھا لیکن وہ آج آزادانہ انداز میں فعال ہیں اور ملک میں انتشار کی سیاست میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیدار و باشعور عوام ملک دشمن قوتوں کی فرقہ واریت پھیلانے کی ناپاک سازش کو پہلے کی طرح اس بار بھی ناکام بنا دیں گے، ہم وطن عزیز کو بھارتی و عرب ممالک کی فرقہ وارانہ منافرت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملت جعفریہ کے تمام علماء و خطباء اس جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ اس جھوٹی ایف آئی آر کا فوری نوٹس لیں، کالعدم جماعت کے ساتھ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی اس گھناؤنی سازش میں ملوث تھانہ ایس ایچ او اور پولیس افسران کو شامل تفتیش کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 911106

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911106/علامہ-رضا-حیدر-کیخلاف-کالعدم-جماعت-کی-ایماء-پر-کاٹی-گئی-جھوٹی-ایف-ا-ئی-ا-ر-مذمت-کرتے-ہیں-صادق-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org