QR CodeQR Code

بیرون ملک روزگار کے مواقع میں جی بی کا کوٹہ مختص کیا جائے گا، زلفی بخاری

19 Jan 2021 20:59

صوبائی مشیر قانون و بورڈ آف ریونیو سہیل عباس شاہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے  بہتر مواقع میسر آئیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ آئندہ بیرون ملک روزگار کے مواقع میں گلگت بلتستان کیلئے کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی بی کے مشیر قانون و بورڈ آف ریونیو سہیل عباس شاہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ‎صوبائی مشیر قانون و بورڈ آف ریونیو گلگت بلتستان سید سہیل عباس شاہ نے اسلام آباد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی و چیرمین ٹوریزم اینڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان سید زولفقار عباس بخاری سے اہم ملاقات کی۔ ‎ملاقات میں گلگت بلتستان بھر میں خصوصاً حلقہ 3 میں موجود سیاحتی مقامات کے فروغ اور تعمیر و ترقی کے لئے حکمت عملی و منصوبہ بندی اور فوری آغاز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سید زوالفقار علی بخاری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان خصوصاً حلقہ 3 میں سیاحت کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے بہتر مواقع بھی میسر آئیں گے۔ ‎مشیر قانون گلگت بلتستان سید سہیل عباس شاہ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی کو حلقہ 3 میں موجود سیاحتی مقامات جن میں حراموش کٹوال اور گورو بگروٹ کے دلفیرب مناظر اور قدرتی حسن سے آگاہ کیا اور ان مقامات تک رسائی کے لیے ایکسپریس وے بنانے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ ان سیاحتی مقامات تک رسائی سے گلگت بلتستان میں نئے سیاحتی مقامات متعارف ہونگے اور پاکستان تحریک انصاف کے منشور کو بھی تقویت ملے گی۔ جس میں ہر سال ہر صوبے میں چار نئے سیاحتی مقامات متعارف کروانے کا ذکر موجود ہے۔

‎صوبائی مشیر قانون نے سمندر پار روزگار کے مواقع میں جی بی کے بیروزگار نوجوانوں کو بھی مخصوص کوٹے میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جی بی کے نوجوانوں کو ماضی میں سمندر پار روزگار کے مواقع سے محروم رکھا گیا اور اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ان محرومیوں کا ازالہ کرے گی تاکہ عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کا خاتمہ ہو سکے۔ ‎معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیر قانون کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے موجود روزگار کے مواقع میں گلگت بلتستان کے لئے بھی کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے  بہتر مواقع میسر آئیں گے۔


خبر کا کوڈ: 911131

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911131/بیرون-ملک-روزگار-کے-مواقع-میں-جی-بی-کا-کوٹہ-مختص-کیا-جائے-گا-زلفی-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org