QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان کا حکومت کے خاتمے تک پی ڈی ایم تحریک جاری رکھنےکا اعلان

19 Jan 2021 23:41

الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ حکمران پاکستان کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں، یہ داغ ہمیں خون سے ہی کیوں نہ دھونا پڑا، دھوئیں گے۔ اگر کوئی بزدل ہے تو ہماری صفوں سے نکل کر اپنے گھروں میں بیویوں کے ساتھ جا کر بیٹھ جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو ناجائز قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پگڑیاں سر اٹھانے کے لیے باندھی ہیں۔ اگر عزت نہیں ہوگی تو پھر یہ پگڑیاں اتر جانی چاہیئں۔ حکمرانوں کیخلاف تحریک شرعی لحاظ سے جہاد ہے، اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، دائرے میں رہ کر چور حکمرانوں کے خلاف میدان جہاد میں رہنا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے جدوجہد کرکے قوم کو اس کرب سے نکالنا ہے۔ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے آج سیاسی قیادت اکٹھی ہے۔ ہم ان کا تعاقب کریں گے، حالات میں گرمی لائیں گے۔ ہمیں گردن اٹھا کر چلنا آتا ہے، جھکا کر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حکمران پاکستان کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں، یہ داغ ہمیں خون سے ہی کیوں نہ دھونا پڑا، دھوئیں گے۔ اگر کوئی بزدل ہے تو ہماری صفوں سے نکل کر اپنے گھروں میں بیویوں کے ساتھ جا کر بیٹھ جائے۔ پی ڈی ایم سربراہ نے وزیر داخلہ شیخ رشید کی تنبیہ کے باوجود جلسوں میں مدارس کے طلبہ کو لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس مثبت سیاست کو سیکھنا چاہتے ہیں۔ دینی مدارس اگر جلسوں میں نہ جائیں تو کیا پھر بندوق کی طرف جائیں؟ مدارس کے طلبہ اور اساتذہ نے ہماری آواز پر لبیک کہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج شاہراہ دستور پر تاریخی مظاہرہ کیا، پانچ فروری کو کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 911173

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911173/مولانا-فضل-الرحمان-کا-حکومت-کے-خاتمے-تک-پی-ڈی-ایم-تحریک-جاری-رکھنےکا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org