QR CodeQR Code

امریکی صدر کی حلف برداری، بائیڈن واشنگٹن پہنچ گئے

20 Jan 2021 10:37

نومنتخب صدر کی حلف برداری پاکستانی وقت کے مطابق آج شب ساڑھے 9 بجے ہو گی جس کے بعد وہ قوم سے خطاب کریں گے اور صدر مختلف شعبوں میں اہم اقدامات کا اعلان کریں گے۔ 


اسلام ٹائمز۔ امریکا کے نومنتخب صدر کی حلف برداری کا لمحہ آ گیا جس  کے لیے جوبائیڈن اور نومنتخب نائب صدر کاملاہرئس واشنگٹن پہنچ گئے۔ نومنتخب صدر کی حلف برداری پاکستانی وقت کے مطابق آج شب ساڑھے 9 بجے ہو گی جس کے بعد وہ قوم سے خطاب کریں گے اور صدر مختلف شعبوں میں اہم اقدامات کا اعلان کریں گے۔ حلف برداری میں تارکین وطن کے لیے 8 سالہ امریکی شہریت کے بل کا اعلان کیا جائے گا جب کہ ایک کروڑ 10 لاکھ افراد کو بغیر کسی قانونی حیثیت کے شہریت دیے جانے کا امکان ہے۔حلف برداری کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، 25 ہزار نیشنل گارڈز تعینات کیے گئے ہیں جب کہ سکیورٹی اہلکاروں کی اسکریننگ کے دوران 12 اہلکاروں کو ہٹا دیا گیا جن میں سے دو پر دائیں بازو کے انتہا پسندوں سے تعلق کا الزام ہے۔ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کورونا سے ہلاک 4 لاکھ امریکیوں کی یادگاری تقریب میں شرکت کی۔ جوبائیڈن کا کہنا  ہے کہ زخموں کو مندمل کرنے کے لیے ہمیں ان افراد کو یاد رکھنا ہو گا جو وبا کا شکار ہوئے، یہ عمل بعض اوقات تلخ ہوتا ہے مگر اسی طرح ہم زخموں کو مندمل کر سکتے ہیں، غروب آفتاب سے طلوع صبح تک لائٹیں روشن کر کے ان تمام لوگوں کو یاد کریں جنہیں ہم نے کھو دیا۔ عالمی وبا سے ہلاک افراد کی یاد میں نیویارک کی اہم عمارتوں پر بھی سرخ لائٹیں روشن کی گئیں۔ 


خبر کا کوڈ: 911243

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911243/امریکی-صدر-کی-حلف-برداری-بائیڈن-واشنگٹن-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org