QR CodeQR Code

عراق، کرکوک و دیالی سے 4 اہم داعشی دہشتگرد گرفتار

20 Jan 2021 23:45

عراقی وزارت داخلہ کیجانب سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں اطلاع دی گئی ہے کہ صوبوں کرکوک و دیالی سے عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 4 اہم دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اطلاع دی گئی ہے کہ صوبوں کرکوک و دیالی سے عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 4 اہم دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ عرب ای مجلے الشفق نیوز کے مطابق گرفتار ہونے والے پہلے داعشی دہشتگرد کا نام طارق ہے جو داعش کا انٹیلیجنس ایجنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ "دیوان الحسبہ" نامی داعشی ادارے کا بھی ایک اہم رکن تھا جبکہ گرفتار ہونے والے دوسرے داعشی دہشتگرد کا نام سعد ہے جو "دیوان الجند" نامی داعشی ادارے میں اہم عہدے پر فائز ہونے کے ساتھ ساتھ داعشی دہشتگردوں کی امداد رسانی کا ذمہ دار بھی تھا۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی تفتیس کے دوران سعد نے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ سال 2014ء میں عراقی سکیورٹی فورسز کے خلاف داعش کی جانب سے "غزوہ" کے نام سے انجام دی جانے والی 3 اہم کارروائیوں میں براہ راست شریک رہا تھا۔

عراق میں تازہ گرفتار کئے جانے والے اہم داعشی دہشتگردوں میں تیسرا نام حسام کا ہے جو داعشی کی جانب سے تشکیل دی جانے والی پولیس "الشرطۃ الاسلامیہ" میں اہم عہدے پر فائز تھا۔ گرفتاری کے بعد سعد نے اعتراف کیا ہے کہ وہ صوبہ کرکوک کے "الزاب" نامی علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں براہ راست ملوث رہا ہے۔ علاوہ ازیں عراقی سکیورٹی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے صوبہ دیالی سے ہی ایک اور اہم داعشی دہشتگرد کو بھی گرفتار کیا ہے جو صوبے بھر میں داعش کو خوراک سمیت دوسرے لاجسٹک سازوسامان کی فراہمی کا انچارج تھا۔


خبر کا کوڈ: 911385

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911385/عراق-کرکوک-دیالی-سے-4-اہم-داعشی-دہشتگرد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org