0
Thursday 21 Jan 2021 08:32

پی ڈی ایم کا بند گلی سے نکلنا مشکل ہی نہیں، ناممکن ہے، فردوس عاشق اعوان

پی ڈی ایم کا بند گلی سے نکلنا مشکل ہی نہیں، ناممکن ہے، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے کی اسلام آباد کی ریلی بری طرح ناکام رہی،جلسہ ٹُھس اور بیانیہ پُھس ہوچکا ہے، 11 جماعتوں نے ملکر جتنے لوگ اکٹھے کئے، اس سے کہیں زیادہ تعداد میں لوگ بزدار حکومت کی جانب سے لگائے گئے سہولت بازاروں میں موجود ہوتے ہیں، راجکماری، شہزادے ، مولانا اور کنیزوں کیلئے چلو بھر پانی میں ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ انہوں نے کہا ناکام ریلی کے بعد یہ ٹولہ ایک دوسرے کے گریبان نوچنے والا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ چوروں کا چورن بکے گا کیا؟، یہ تو کھانے کے لائق بھی نہیں۔

انکا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پی ڈی ایم نے ایک بار پھر تھوک کر چاٹا، یہ ٹولہ حالت نزاع میں ہے پی ڈی ایم بند گلی میں پھنس چکی ہے، جہاں سے نکلنا مشکل ہی نہیں، ناممکن ہے، راجکماری اور شہزادے کے ابا جان ایک دوسرے کے خلاف کرپشن کے مقدمے بناتے رہے، آج یہ ابوبچاؤ مہم کے دوران ایک ہی گھاٹ سے پانی پی رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناکام پی ڈی ایم کا شمار بھی بہت جلد آثار قدیمہ کی فہرست میں ہونے والا ہے، لگتا ہے پی ڈی ایم کے آثار قدیمہ کے تحفظ کے لئے بھی حکومت کو بالآخر فنڈز مختص کرنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، سے جانی جانے والی جعلی راجکماری لندن ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بتائے کہ امریکا، برطانیہ، پاکستان اور سعودی عرب میں اربوں روپے کی 76 جائیدادیں کس کی ہیں اور اپنے مفرور بھائیوں کی مختارِ خاص ہونے کے ناطے ان جائیدادوں میں اسکا حصہ کتنا ہے؟۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر یاور عباس بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، پی ڈی ایم کو مشورہ ہے پاکستان کی ترقی کی گاڑی کو پاس کریں یا برداشت کریں، مولانا نے کبھی دال روٹی بھی اپنے پیسوں سے نہیں کھائی اور آج جب سارے اخراجات خود برداشت کرنے پڑ رہے ہیں تو مولانا کے پیٹ میں حلوہ سے دوری کا درد اٹھ رہا ہے، نیب مولانا سے پوچھ رہا ہے کہ ان کے پاس کون سے گیدڑ سنگھی ہے جس سے یہ ارب پتی بن گئے۔
خبر کا کوڈ : 911432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش