0
Thursday 11 Aug 2011 22:28

امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے، سید منور حسن

امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے، سید منور حسن
 لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ کور کمانڈرز کی کانفرنس میں قبائلی علاقوں کرم اور مہمند ایجنسیوں میں جاری آپریشنز پر غور اور کراچی کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے بگڑتی ہوئی معیشت پر تشویش کا اظہار بجا ہے لیکن فوج کے ذمہ داران کو قوم کو یہ بتانا چاہیے کہ یہ آپریشنز کب تک جاری رہیں گے اور ان سے اب تک کیا نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سید منور حسن نے کہا کہ فوجی آپریشن کے نتائج کے حوالے سے فوج ایک بیلنس شیٹ عوام کے سامنے پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں سے ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے فرنٹ لائن اتحادی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس جنگ میں ہم نے پورا ملک اور آزادی و خود مختاری داؤ پر لگا دی۔ اپنی معیشت تباہ کر ڈالی۔ ہزاروں شہری اور فوجی جوان اس جنگ کی بھینٹ چڑھا دیے لیکن اس کا نتیجہ کیا نکلا۔ بدامنی، بھوک و ننگ، قرضے، دنیا بھر میں بے توقیری اور امریکی ڈکٹیشن۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اس بارے میں دو قرار دادیں منظور کی گئیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ طاقت کے استعمال اور فوجی آپریشنز سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید الجھتے ہیں۔ بلوچستان اور قبائلی علاقہ جات میں ہونے والے فوجی آپریشنز بند کر کے سٹیک ہولڈرز کو مذاکرات کی میز پر لانا چاہیے۔ دہشتگردی کے خلاف امریکہ کی نام نہاد جنگ نے پاکستانی معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور خود امریکہ بھی دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ طالبان سے مذاکرات کا خواہش مند ہے اور افغانستان کے کمبل سے جان چھڑانے کی کوشش میں ہے، دوسری طرف پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن کی پالیسی ختم کر کے مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی ہر نوعیت کے فوجی آپریشن سے گریز کیا جائے۔ سندھ میں سول حکومت کی بزدلی اور ’’بین الاقوامی مافیا‘‘ کی غلامی نے جو صورتحال پیدا کی ہے اس کا علاج ملٹری آپریشن میں نہیں۔ اس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے اور یہ راستہ علیحدگی اور وطن بیزاری کی طرف جاتا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 91148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش