QR CodeQR Code

ٹرمپ نے صدارت کے آخری دن صدارتی اختیارات سے نوازنے کی تاریخ رقم کردی

21 Jan 2021 16:23

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ سزاؤں میں کمی سے فائدہ اُٹھانے والوں میں صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے کمپین مینیجر اور سینئر مشیر اسٹیو بینن بھی شامل ہیں جن پر امریکا اور میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے چندے میں کرپشن کا الزام تھا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے دور صدارت کے آخری روز 73 افراد کو صدارتی معافی دیکر اپنوں کو نوازنے کی تاریخ رقم کردی۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے عہدے کے اختتام سے محض 4 گھنٹے قبل 73 نہایت قریبی ساتھیوں اور رشتہ داروں کو مختلف الزامات میں سزاؤں کو صدارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے معاف یا کم کردیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ سزاؤں میں کمی سے فائدہ اُٹھانے والوں میں صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے کمپین مینیجر اور سینئر مشیر اسٹیو بینن بھی شامل ہیں جن پر امریکا اور میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے چندے میں کرپشن کا الزام تھا۔ اسٹیو بینن کے علاوہ صدر ٹرمپ نے فارن لابنگ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ایلیٹ برائڈی کو بھی صدارتی معافی دیدی ہے۔

برانڈی نے صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے خطیر رقم بطور چندہ دی تھی۔ صدارتی معافی پانے والوں میں مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ کے سابق میئر ویم کلپیٹرک بھی شامل ہیں جن کو اختیارات کے غلط استعمال، رشوت، بھتہ خوری اور دھوکہ دہی کے جرم میں 20 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ صدر ٹرمپ نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سزا پانے والے معروف گلوکار ڈیان کارٹر جونیئر کی سزا میں بھی کمی کر دی ہے جو لل ویان کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔ اس طرح صدارتی معافی پانے والوں میں سب ہی کسی نہ کسی طرح صدر ٹرمپ کے رفقا یا ہمددر ہیں۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ انتخابی مہم کے سابق مینیجر پال مینافورٹ، مشیر روجر اسٹون، قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن اور داماد جیرڈ کشنر کے والد چارلز کشنر کو بھی صدارتی معافی دے چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 911522

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911522/ٹرمپ-نے-صدارت-کے-ا-خری-دن-صدارتی-اختیارات-سے-نوازنے-کی-تاریخ-رقم-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org