0
Thursday 21 Jan 2021 17:04

اسامہ ستی کے بعد ایک اور بیگناہ شہری کا پولیس کے ہاتھوں قتل تشویشناک ہے، خرم نواز

اسامہ ستی کے بعد ایک اور بیگناہ شہری کا پولیس کے ہاتھوں قتل تشویشناک ہے، خرم نواز
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے فیصل آباد میں بے گناہ شہری محمد وقاص کے پولیس کے ہاتھوں قتل پر شدید ردعمل اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کے اسامہ ستی کے بعد پولیس نے ایک اور بے گناہ شہری کو قتل کر دیا۔ پولیس آج بھی شہباز شریف کی ”بندے مار پُلس“ ہے، حکومت کسی کی بھی ہو مگر پولیس کی سفاکیت کم نہیں ہوتی، عدالت آئی جی پنجاب کو بے گناہوں کے قتل عام کے واقعات میں اضافہ پر طلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے راہ جاتے بے گناہ شہریوں کو قتل کرنا معمول بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے 14 بے گناہ شہری قتل کئے اور آج کے دن تک کسی ایک کو سزا نہیں ملی، پولیس والے اس لئے بے دھڑک جانیں لیتے ہیں انہیں پتہ ہے کہ کوئی پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے سوال کیا کہ عمران خان صاحب پولیس اصلاحات کا وعدہ کہاں ہے؟۔ کب تک شریف شہری پولیس گردی کا نشانہ بنتے رہینگے؟ کرپٹ، سفاک اور جدید تربیت سے محروم پولیس والوں کی وجہ سے شرفاء غیر محفوظ ہیں جبکہ سٹریٹ کرائم کی شرح پہلے سے بہت زیادہ بڑھ چکی ہے، ہر سال پنجاب کے عوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں کا ایک کھرب روپیہ عوام کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے پولیس کو دیا جاتا ہے مگر بدلے میں عوام کو سٹریٹ کرائم، عدم تحفظ اور رشوت ستانی کا سامنا ہے۔ اسمبلیوں میں پولیس کے غیر ذمہ دارانہ کردار کی بجائے کرپٹ عناصر کے تحفظ پر بحثیں اور جھگڑے ہوتے ہیں، پولیس اصلاحات نہ ہوئیں تو عوام غیر محفوظ اور بے گناہ شہری قتل ہوتے رہینگے۔
خبر کا کوڈ : 911539
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش