QR CodeQR Code

نریندر مودی احتجاجی کسانوں کو بے وقوف سمجھ رہے ہیں، جینت چودھری

21 Jan 2021 21:14

میٹنگ میں کمیٹی کے رکن انل گھنوت، اشوک گلاٹی اور پرمود جوشی نے حصہ لیا۔ کمیٹی کے چوتھے رکن بھوپیندر سنگھ مان پہلے ہی اس کمیٹی سے خود کو الگ کرچکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کسان یونین کے لیڈر جینت چودھری نے آج زرعی قوانین سے متعلق مودی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے خلاف سازش تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کسانوں کو بے وقوف سمجھ رہے ہیں، ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسان تحریک کے 58 دن ہو چکے ہیں اور 75-70 کسانوں کے شہید ہونے کے بعد بھی زرعی قوانین پر حکومت کچھ بھی سننے کو تیار نہیں ہے۔ ادھر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت کو زرعی قوانین سے متعلق تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بار بار کسانوں کی میٹنگ بے نتیجہ ختم ہونے اور نئی تاریخ دیے جانے پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے آج ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ روز نئے جملے اور ظلم بند کرو، سیدھے سیدھے زراعت مخالف قانون رد کرو۔

ادھر سپریم کورٹ کی جانب سے زرعی اصلاحاتی قوانین کی بابت تشکیل کمیٹی کی جمعرات کے روز یہاں میٹنگ ہوئی جس میں 10 کسان تنظیموں نے حصہ لیا اور قوانین کے بہتر ڈھنگ سے عمل درآمد کے لئے اپنے مشورے دئیے۔ میٹنگ میں کمیٹی کے رکن انل گھنوت، اشوک گلاٹی اور پرمود جوشی نے حصہ لیا۔ کمیٹی کے چوتھے رکن بھوپیندر سنگھ مان پہلے ہی اس کمیٹی سے خود کو الگ کرچکے ہیں۔ کمیٹی کی پریس ریلیز کے مطابق مذاکرے میں کرناٹک، کیرالا، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اڈیشہ، تلنگانہ، تملناڈو اور اترپردیش کی کسان تنظیموں نے حصہ لیا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ جن کسان تنظیموں کے ساتھ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، ان میں وہ کسان تنظیمیں شامل نہیں ہیں جو دہلی کی سرحدوں پر قانون واپسی اور ایم ایس پی کو قانونی درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہی ہیں۔

زرعی قوانین کی مخالفت پورے ملک میں تیز ہوتی جا رہی ہے اور بی جے پی وزراء و لیڈران کے خلاف کسانوں کا غصہ بھی دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ اتراکھنڈ کے ملپوری گاؤں میں کسانوں کا غصہ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ انہوں نے گاؤں میں بی جے پی لیڈروں کا داخلہ ہی ممنوع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کسانوں نے گاؤں کے باہر ایک بورڈ بھی لگایا ہے جس میں لکھا ہے کہ کسان مخالف بی جے پی کارکنان و لیڈران کا اس گاؤں میں آنا سخت منع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گاؤں میں آتے ہیں تو اپنی حفاظت کے لئے خود ذمہ دار ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 911576

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911576/نریندر-مودی-احتجاجی-کسانوں-کو-بے-وقوف-سمجھ-رہے-ہیں-جینت-چودھری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org