0
Thursday 21 Jan 2021 22:48

ماضی میں جی بی کیساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائیگا، قاسم سوری

ماضی میں جی بی کیساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائیگا، قاسم سوری
اسلام ٹائمز۔ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر نے امجد علی زیدی کو سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کسی بھی قانون ساز ادارے میں پریذایڈنگ آفیسر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، جس کی نظر میں ایوان میں موجود تمام اراکین مساوی ہوتے ہیں، موجودہ حکومت جی بی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے۔ حکومت پاکستان عمران خان کی قیادت میں جی بی کی ترقی و خوشحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جی بی بے پناہ وسائل سے مالا مال ہے۔ یہاں کے وسائل کو بروئے کار لا کر خطے کی ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ سیاحت کا شعبہ جی بی کے عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ماضی میں جی بی کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں کا ازالہ کرکے عوام کے احساس محرومی کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر جی بی اسمبلی کے سپیکر امجد زیدی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ الیکشن کے بعد قائم ہونی والی پی ٹی آئی کی حکومت جی بی کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 911598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش