QR CodeQR Code

عوامی راج پارٹی کا 15 فروری سے حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان 

21 Jan 2021 23:01

سابق رکن اسمبلی جمشید دستی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی راج پارٹی امریکہ، انڈیا، اسرائیل اور برطانیہ کی خوشنودی کے لئے پاک فوج پر تنقید کرنے والی سیاسی پارٹیوں کے بیانیہ کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور اس ایشو پر ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی راج پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل انجینئر محمد خان مروت کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پی ڈی ایم کی پاک آرمی کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کی گئی، بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے، پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف فروری میں تحریکِ چلانے اور خودمختار صوبہ کے حصول کے لئے جدوجہد سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔ پارٹی کے مرکزی چیئرمین جمشید احمد دستی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی راج پارٹی امریکہ، انڈیا، اسرائیل اور برطانیہ کی خوشنودی کے لئے پاک فوج پر تنقید کرنے والی سیاسی پارٹیوں کے بیانیہ کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور اس ایشو پر ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے اپنے خون کی قربانی دے کر ملک کو امن کی طرف لایا ہے، دشمن کے ایجنڈے پر عمل کرنے والی سیاسی پارٹیوں کو ملک کی قیادت کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت میں ملک میں مہنگائی، کرپشن، لاقانونیت، اقربا پروری، لوٹ مار، انتقامی سیاست اور بھتہ خوری میں اضافہ ہوا ہے، شوگر مافیا بے قابو ہوچکا ہے، کسان، مزدور کی حالت قابلِ رحم ہوچکی۔ حکومت کی گرفت نہ ہونے کے برابر ہے اس حالت میں عمران نیازی کی حکومت مزید عرصہ قوم پر مسلط رہی تو بھوک کے مارے عوام ایک دوسرے کو کھانے اور مارنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 15 فروری کے بعد حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کریں گے جو حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 911599

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911599/عوامی-راج-پارٹی-کا-15-فروری-سے-حکومت-کیخلاف-تحریک-چلانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org