QR CodeQR Code

ملکی حالات سنگین ہیں، نااہل حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے، دوست محمد کھوسہ

21 Jan 2021 23:25

کھوسہ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو ریاست مدینہ کے خواب دکھا کر انکے خوابوں پہ شب خون مارا گیا، ہر طرف بدامنی، بدانتظامی اور کرپشن کا بازار گرم ہے، جس ادارے میں جائیں، ہر دوسری ٹیبل حکومتی ایجنٹ بیٹھے ہیں، کسی کا کام بنا پیسے کے نہیں ہوتا۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب، سینیئر رہنماء پاکستان پیپلزپارٹی سردار دوست محمد خاں کھوسہ نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے، قوم متحد ہو کر پی ٹی آئی حکومت کے پیدا کردہ مسائل مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف بیدار ہوں، تاکہ ملک میں الیکشن کی راہ ہموار کرکے عوام کی حقیقی ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی کو برسراقتدار لایا جا سکے۔ کھوسہ ہاوس ڈی جی خان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقتدار کے لئے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لئے سیاست کی ہے، میں بطور سیاسی کارکن 11 سال سے اپوزیشن میں ہوں، مگر میرا ضمیر سیاسی کیریئر کے حوالے سے مطمئن ہے، ہم نے یہ ایوان اور یہ اقتدار اللہ تعالیٰ کے خاص کرم سے اور اپنے والد چیف سردار ذوالفقار علی خاں کھوسہ کی دعا سے ایوان و اقتدار بچپن سے دیکھتے آرہے ہیں، مجھے اقتدار کا کوئی شوق نہیں، عوام کو ریاست مدینہ کے خواب دکھا کر ان کے خوابوں پہ شب خون مارا گیا، ہر طرف بدامنی، بدانتظامی اور کرپشن کا بازار گرم ہے، جس ادارے میں جائیں ہر دوسری ٹیبل حکومتی ایجنٹ بیٹھے ہیں، کسی کا کام بنا پیسے کے نہیں ہوتا۔

اُنہوں نے کہا کہ اس نااہل حکومت نے غریب سے دو وقت کی روٹی چھین لی، جو روٹی کھانے کو مل رہی تھی، وہ کمی گیس کی بندش نے پوری کر دی، مطلب ہر طرح سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے کرنے کی قسم کھا کر آئی تھی، عمران خان کی حکومت، پی ٹی آئی نے غریب کا چولہا ٹھنڈا رکھنا ہے، کا منشور لے کر آئی ہے، جب تک میں اور میرا خاندان سیاست میں ہیں، عوامی خدمت کی سیاست جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال انتہائی ابتر ہے، عام آدمی کی زندگی بہت مشکل میں ہے اور خاص طور پر زرعی شعبہ تباہ ہوچکا ہے، ہمارا زرعی ملک ہونے کے باوجود چینی، گندم وغیرہ باہر سے منگوا رہے ہیں، جو کہ حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے، حکومت کی ناتجربہ کاری کی وجہ سے ملک میں آئے روز نئے بحران پیدا ہو رہے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کو بحران سے نکالنے، نااہل حکومت کو گھر بھجوانے، مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے احتجاج کرتی رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 911606

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911606/ملکی-حالات-سنگین-ہیں-نااہل-حکومت-کو-گھر-بھیج-کر-دم-لیں-گے-دوست-محمد-کھوسہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org