QR CodeQR Code

براڈشیٹ معاملہ، جسٹس (ر) عظمت شیخ کی سربراہی میں کمیٹی قائم

22 Jan 2021 11:21

وفاقی وزیراطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ کمیٹی مجاز ہے کسی کو بھی طلب کرسکتی ہے، کمیٹی 45 دنوں میں کام مکمل کرے گی، انکوائری کے نتیجے میں تمام سوالات کے جواب ملیں گے، ہمیں اپنے پیسے سے غرض ہے کہ ہمارا پیسہ گیا کیوں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے براڈ شیٹ معاملے کی تحیقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پتہ چلنا چاہیے الف سے یہ تک کیا ہوا، کمیٹی مجاز ہے کسی کو بھی طلب کرسکتی ہے، کمیٹی 45 دنوں میں کام مکمل کرے گی، انکوائری کے نتیجے میں تمام سوالات کے جواب ملیں گے، ہمیں اپنے پیسے سے غرض ہے کہ ہمارا پیسہ گیا کیوں۔

 
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کو براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے، جبکہ کمیٹی کے باقی ممبران کا تقرر جسٹس عظمت سعید کی مشاورت سے کیا جائیگا۔ خیال رہے کہ غیر ملکی اثاثہ جات ریکوری فرم براڈ شیٹ کے ثالثی دستاویز اور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کاوے موسوی کے دیے گئے بیانات سے پاکستان میں ایک نیا تنازع اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔


خبر کا کوڈ: 911642

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911642/براڈشیٹ-معاملہ-جسٹس-ر-عظمت-شیخ-کی-سربراہی-میں-کمیٹی-قائم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org