0
Friday 22 Jan 2021 11:44

گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بہترین نظام متعارف کرائیں گے، خالد خورشید

گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بہترین نظام متعارف کرائیں گے، خالد خورشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں۔ جی بی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بہترین نظام متعارف کرائیں گے۔ بلدیاتی سکیموں کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کرنے کی روایت ختم کی جائے گی۔ ترقیاتی فنڈز کو صرف ترقیاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ دیہی ترقی کو حقیقی معنوں میں یقینی بنائیں گے۔ دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی میں محکمہ بلدیات کا کلیدی کردار ہے۔ دیہاتوں کی بنیاد پر ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے پر توجہ دی جائے۔ تعمیر و ترقی میں مقامی کمیونٹی کی شراکت کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ بلدیات کی جانب سے دی جانیوالی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان کا مزید کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ صوبے میں ای گورننس کے نظام کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔ آئی ٹی بورڈ کے قیام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تمام شعبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیکریٹری بلدیات کی جانب سے خالد خورشید کو محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالدخورشید نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت کی ترقی میں گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سکردو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مزید فعال بنایاجائے گا۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) طرز پر گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سکردو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تنظیم نو کی جائے گی۔

خالد خورشید نے کہا کہ وفاق سے ملنے والی نئی اسامیوں میں گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے درکار اسامیوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کو عملی جامعہ پہنائیں گے۔ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جائیں گے۔ گلگت کو مثالی سیاحتی علاقہ بنایا جائے گا۔ منصوبہ بندی کے تحت نئی تعمیرات کی اجازت ہوگی۔ گلگت اور نلتر کے ماسٹر پلان کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ ویسٹ مینجمنٹ لینڈ فل سائٹ کی تعمیر کے کام کو تیز کیا جائے گا تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے۔ گلگت بلتستان کو پلاسٹک فری زون بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے ڈسٹریبوشن لائنوں کی تنصیب کے کام کو جلد شروع کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 911651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش