QR CodeQR Code

ملا غنی برادر کی دوحہ میں چینی سفیر سے ملاقات، کورونا سے بچاوَ کی ویکسین دینے کی درخواست

22 Jan 2021 15:32

ترجمان افغان طالبان محمد نعیم وردگ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بین الافغانی مذاکرات کی پیشرفت پر بھی گفتگو ہوئی جب کہ چینی سفیر نے کورونا کی روک تھام میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔


اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان نے چین سے کورونا ویکسین دینے کی درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کے سیاسی کمیشن کے سربراہ ملاغنی برادر نے چینی سفیر سے ملاقات کی جس میں چین سے افغانستان کو کورونا سے بچاوَ کی ویکسین دینے کی درخواست کی گئی۔ ترجمان محمد نعیم وردگ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بین الافغانی مذاکرات کی پیشرفت پر بھی گفتگو ہوئی جب کہ چینی سفیر نے  کورونا کی روک تھام میں مدد  کی  یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں اتوار کے روز  طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر نے قطر میں عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے لئے جنوبی ایشیاء کے عہدیداروں سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے اور دیگر قابل علاج بیماریوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ یہ واضح نہیں ہوا کہ طالبان اپنے زیر قبضہ علاقوں میں گھر گھر جاکر پولیس مہم چلانے کی اجازت دینے پر راضی ہوئے ہیں یا نہیں۔

واضح رہے کہ افغان وزارت صحت  نے اعلان کیا ہے کہ  پانچ سال سے کم عمر کے 10 ملین بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کے لئے ملک گیر مہم چلائی جارہی ہے۔ انسداد پولیو مہم کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک افسر میر جان راسخ نے پیر کو ڈی پی اے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ تقریبا 65 ہزار طبی کارکنان پانچ دن کے دوران اس مہم پر عمل درآمد کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 911695

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911695/ملا-غنی-برادر-کی-دوحہ-میں-چینی-سفیر-سے-ملاقات-کورونا-بچاو-ویکسین-دینے-درخواست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org