0
Friday 22 Jan 2021 16:56
امریکہ کیجانب سے "انصاراللہ" کو دہشتگرد تنظیم قرار

امریکہ کو دہشتگرد قرار دینے کا کوئی حق حاصل نہیں، اُسے احمقانہ فیصلے کی قیمت چکانا پڑیگی، یمن

امریکہ کو دہشتگرد قرار دینے کا کوئی حق حاصل نہیں، اُسے احمقانہ فیصلے کی قیمت چکانا پڑیگی، یمن
اسلام ٹائمز۔ یمن کے وزیر خارجہ ہشام شرف عبداللہ نے انگریزی زبان کے ایرانی نیوز چینل پریس ٹی وی (Press TV) کو انٹرویو دیا ہے۔ یمنی وزیر خارجہ نے اپنے انٹرویو میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یمن کی معروف ترین عوامی جماعت "انصاراللہ" کو "خارجہ دہشتگرد تنظیم" قرار دیئے جانے کے فیصلے کو "احمقانہ" قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے تاکید کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ فیصلہ کرنے کے لئے بھاری مالی رشوت دی گئی ہے۔ ہشام شرف عبداللہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کو یہ قدم اٹھانے کے لئے بھاری رشوت دی گئی ہے، جس کے شواہد آپ کو مستقبل قریب میں مل جائیں گے!

ہشام شرف عبداللہ نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ صنعاء حکومت، امریکہ کی جانب سے انصاراللہ کو دہشتگرد قرار دیئے جانے کی ذرہ برابر پرواہ نہیں کرتی۔ یمنی وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ امریکی حکومت کوئی بین الاقوامی عدالتی ادارہ ہے اور نہ ہی اسے کسی کو دہشتگرد قرار دینے کا کوئی حق حاصل ہے، جبکہ ہم امریکی قیادت کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے بجائے اپنے بگڑتے داخلہ امور پر توجہ دے۔ انہوں نے اپنے انٹرویو کے دوران نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کو یہ نصیحت بھی کی کہ وہ اپنے پیشرو ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلوں کو ریورس کرتے ہوئے یمن کے خلاف برسرپیکار جارح ممالک کی حمایت بند اور یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کے خاتمے کا اعلان کریں۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر امن عمل ناکامی کا شکار ہوگیا تو ہم نہ صرف ہر قسم کے حالات کے لئے تیار ہیں بلکہ پورے کے پورے منظر کو بدل کر رکھ دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 911702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش