QR CodeQR Code

پنجاب حکومت کا منشیات کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

22 Jan 2021 17:56

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ منشیات کا کاروبار کرنیوالے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی، پولیس، ایکسائز اور متعلقہ محکمے انسداد منشیات فورس کو ہر طرح کی معاونت فراہم کریں گے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ منشیات کا کالا دھندہ کرنیوالے انسانیت کے قاتل ہیں، منشیات فروشی کیخلاف پنجاب میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا، تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور منشیات کے خاتمے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر منشیات کے دھندے کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ طور پر اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کے مکروہ دھندے کے خاتمے کیلئے مل کر موثر اقدامات کیے جائیں گے جبکہ پنجاب حکومت اور وفاق نے منشیات کا کاروبار کرنیوالے عناصر کیخلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ منشیات کا کاروبار کرنیوالے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی، پولیس، ایکسائز اور متعلقہ محکمے انسداد منشیات فورس کو ہر طرح کی معاونت فراہم کریں گے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ منشیات کا کالا دھندہ کرنیوالے انسانیت کے قاتل ہیں، منشیات فروشی کیخلاف پنجاب میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا، تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی، اس ناسور کے خاتمے کیلئے ملکر مزید تیزی سے اقدامات کریں گے، منشیات سے پاک معاشرے کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بعض عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، اداروں کیخلاف پروپیگنڈا قابل مذمت اور افسوس ناک ہے، قومی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وفاقی وزیر اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ منشیات کی خرید و فروخت کرنیوالے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، پنجاب حکومت کیساتھ مل کر منشیات کا دھندا کرنیوالے عناصر کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ منشیات کا کاروبار کرنیوالوں کیخلاف مشترکہ کارروائی ہوگی، بعض عناصر کی جانب سے اداروں پر دشنام طرازی کا کوئی جواز نہیں، اپوزیشن کی جانب سے اداروں کو متنازعہ بنانے کا مخصوص ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے ملک دشمن بیانیے سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔


خبر کا کوڈ: 911706

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911706/پنجاب-حکومت-کا-منشیات-کے-خاتمے-کیلئے-موثر-حکمت-عملی-بنانے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org