QR CodeQR Code

کشمیریوں پر ظلم اور افغانیوں پر تباہی مسلط کرنے کے ذمہ دار بھارت، روس اور امریکہ ہیں، لیاقت بلوچ

22 Jan 2021 22:55

جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ کشمیر اور افغانستان پر عالم اسلام کی کمزوری، عالم اسلام پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے پر دباو بڑھتا جا رہا ہے، اسلامی دنیا کے مسائل کا حل اتحاد امت میں ہی ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے عوام پر بجلی کا برفانی تودہ گرا دیا ہے، حکومت کا ہر قدم عوام دشمنی اور تقاریر عوام دوستی کی ہیں، یہ منافقت ہے اور عوام پر زندگی گزارنے پر بندش کے مترادف ہے، حکومت چینی، آٹا، سیمنٹ اور بجلی چوروں کی سرپرست بنی ہوئی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کے باوجود تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور اقتصادی پہیہ جام ہونے کی وجہ حکومت کی نااہلی اور مفاد پرستی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ براڈشیٹ پٹاری سے حکومت ریاستی اداروں اور سابقہ حکمران پارٹیوں کے لیے ذلت و رسوائی برآمد ہوئی ہے۔ براڈشیٹ کیس کی مضبوطی پر کوئی کیس ہے تو حکومت آئین، قانون اور عوامی مفاد میں اقدام کرے، سپریم کورٹ جج کے سربراہی میں کمیٹی بنا دینے سے خود حکومتی رٹ کا بھانڈہ پھوٹ رہا ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ احتساب سب کا ہو لیکن عمران خان سرکار نے احتساب کے تقدس کو پامال کر دیا ہے اور کرپٹ مافیا کو طاقتور بنا دیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل اور افغانستان میں تمام بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم ہونا ضروری ہے، کشمیریوں اور افغانیوں کی لاشوں پر امن کا محل قائم نہیں ہو سکتا۔ کشمیریوں پر ظلم اور افغانیوں پر تباہی مسلط کرنے کے ذمہ دار بھارت، روس اور امریکہ ہیں۔ اسلامی ممالک اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، کشمیر اور افغانستان پر عالم اسلام کی کمزوری، عالم اسلام پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے پر دباو بڑھتا جا رہا ہے۔ اسلامی دنیا کے مسائل کا حل اتحاد امت میں ہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 911742

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911742/کشمیریوں-پر-ظلم-اور-افغانیوں-تباہی-مسلط-کرنے-کے-ذمہ-دار-بھارت-روس-امریکہ-ہیں-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org