QR CodeQR Code

ملتان، جماعت اسلامی لیبرونگ کے زیراہتمام اداروں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی 

22 Jan 2021 23:16

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مزدور دشمن اور سرمایہ دار جاگیردار دوست حکومتی پالیسی کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، اسٹیل مل قومی اثاثہ ہے اس کا تحفظ خون کے آخری قطرہ تک کریں گے، اسٹیل مل کی نجکاری اور مزدور کش پالیسی سرمایہ دار طبقہ کی پرانی روش ہے ظلم کے اس جاری نظام کا خاتمہ اسلامی نظام میں ہی ممکن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی لیبر ونگ ملتان کے زیراہتمام حکومت کی مزدور دشمن پالیسی اور قومی اسٹیل مل کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی اور صدر لیبر ونگ عبدالرحمن قریشی نے کی۔ اس موقع پر این ایل ایف ملتان کے جنرل سیکرٹری مجاہد پاشا سمیت دیگر مزدور رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حکومت گزشتہ حکومتوں کا سلسلہ ہے جو پاکستان کے مزدوروں کو بھوک اور افلاس کی دلدل میں دھکیلنا چاہتا ہے، مزدور دو وقت کی روٹی سے پریشان ہے موجودہ حکومت کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ چکے، تحریک انصاف تبدیلی کے نعرہ کے ساتھ آئی مگر ملک میں آج بھی اشرافیہ اور سرمایہ دار کی حکومت ہے ہمارے مسائل کا چہروں کی سیاست کی بجائے نظام سیاست کی تبدیلی میں ممکن ہے۔ اس موقع پر صدر لیبرونگ حافظ عبدالرحمن قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مزدور دشمن پالیسی کو پاکستان بھر کے مزدور جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، اسٹیل مل سمیت کسی ادارے کو اشرافیہ، سرمایہ دار کے ہاتھ بیچنے کی اجازت نہیں دیں گے، حکومت ایک طرف مزدور دوستی کا دعوی کرتی ہے مگر دوسری جانب مزدور دشمنی عروج پر ہے، پاکستان کا مزدور اپنے خون پسینہ سے بننے والی مل کبھی اشرافیہ کے ہاتھ بیچنے کی اجازت نہیں دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 911749

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911749/ملتان-جماعت-اسلامی-لیبرونگ-کے-زیراہتمام-اداروں-کی-نجکاری-خلاف-احتجاجی-مظاہرہ-حکومت-کیخلاف-شدید-نعرے-بازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org