QR CodeQR Code

کشمیریوں اور افغانیوں کی لاشوں پر امن کا محل قائم نہیں ہو سکتا، لیاقت بلوچ

23 Jan 2021 08:35

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی ممالک اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، کشمیر اور افغانستان پر عالم اسلام کی کمزوری، عالم اسلام پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے پر دباو بڑھتا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل اور افغانستان میں تمام بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم ہونا ضروری ہے، کشمیریوں اور افغانیوں کی لاشوں پر امن کا محل قائم نہیں ہو سکتا، 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پر پوری قوم بے مثال اور لازوال جذبوں کا اظہار کرے گی، کشمیریوں پر ظلم اور افغانیوں پر تباہی مسلط کرنے کے ذمے دار بھارت، روس اور امریکا ہیں، اسلامی ممالک اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، کشمیر اور افغانستان پر عالم اسلام کی کمزوری، عالم اسلام پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے پر دباو بڑھتا جا رہا ہے۔

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کے مسائل کا حل اتحاد امت میں ہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے بعد حکومت نے عوام پر بجلی کا برفانی تودہ گرا دیا ہے، حکومت کا ہرقدم عوام دشمنی اور تقاریر عوام دوستی کی ہیں، یہ منافقت ہے اور عوام پر زندگی گزارنے پر بندش کے مترادف ہے، حکومت چینی، آٹا، سیمنٹ اور بجلی چوروں کی سرپرست بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کے باوجود تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور اقتصادی پہیہ جام ہونے کی وجہ حکومت کی نااہلی اور مفاد پرستی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ براڈشیٹ پٹاری سے حکومت ریاستی اداروں اور سابق حکمران پارٹیوں کے لیے ذلت و رسوائی برآمد ہوئی ہے۔ براڈشیٹ کیس کی مضبوطی پر کوئی کیس ہے تو حکومت آئین، قانون اور عوامی مفاد میں اقدام کرے، عدالت عظمیٰ کے جج کی سربراہی میں کمیٹی بنا دینے سے خود حکومتی رٹ کا بھانڈہ پھوٹ رہا ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ احتساب سب کا ہو لیکن عمران خان سرکار نے احتساب کے تقدس کو پامال کر دیا ہے اور کرپٹ مافیا کو طاقتور بنا دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 911816

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911816/کشمیریوں-اور-افغانیوں-کی-لاشوں-پر-امن-کا-محل-قائم-نہیں-ہو-سکتا-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org