0
Saturday 23 Jan 2021 08:48

عدالت کے حکم پر شاہین ایئر کے اثاثے ضبط کرنے کا عمل شروع

عدالت کے حکم پر شاہین ایئر کے اثاثے ضبط کرنے کا عمل شروع
اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شاہین ایئر انٹرنیشنل کے متعدد عہدیداروں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی حکم پر ایئرلائن کے طیارے سمیت جائیداد کو ضبط کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ دستاویزات اور عہدیداروں کے مطابق ایف آئی اے نے گزشتہ برس سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 2.1 ارب روپے نقصان پہنچانے کے الزام میں شاہین ایئرلائن کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر رؤف شیخ کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر نے مبینہ طور پر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 20 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ایئرلائن، حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے 11 ارب روپے اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے 5 کروڑ روپے کی مبینہ طور پر قصداً ڈیفالٹر ہو گئی۔ان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر کے مالکان نے متحدہ عرب امارات میں مبینہ طور پر کمپنیاں بنائیں اور اس پیسے کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان اور بیرون ملک جائیدادیں خریدیں۔

ایف آئی اے سندھ کے ڈائریکٹر منیر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر کے سی ای او خالد صہبائی اور دیگر 8 ڈائریکٹرز کے خلاف سی اے اے کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے پر 13 جولائی 2020 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے پاکستان اور بیرون ملک مختلف بینک اکاؤئنٹس میں منی لانڈرنگ کی اور اسی رقم سے جائیدادیں خریدیں۔ ایف آئی اے افسر نے کہا کہ شاہین ایئر کے ڈائریکٹرز کے خلاف اب تک منی لانڈرنگ سے منسلک جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کرنے کے لیے ایف آئی اے کو اجازت دے دی ہے۔ یاد رہے کہ جولائی 2020ء میں ایف آئی اے نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی شکایت پر شاہین ایئر انٹرنیشنل کے خلاف قومی خزانے کو مبینہ طور پر ایک ارب روپے کا نقصان پہنچانے پر مقدمہ درج کر لیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 911818
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش