QR CodeQR Code

تحفظ ختم نبوت ایمان کی اساس اور ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے، مولانا عزیز الرحمان

23 Jan 2021 18:31

مجلس ختم نبوت کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ دین مکمل ضابطہ حیات ہے، اللہ پاک کے نزدیک دین صرف اسلام ہے، اسلام ایسا دین ہے جو تمام زمانوں کیلئے کافی ہے، اسلام کو کبھی زوال نہیں ہوگا، دین سے پھر جانیوالوں سے اللہ کو کوئی پرواہ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحفظ ختم نبوت ایمان کی اساس اور ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیں گے، قیام امن، قیام پاکستان کے اصل مقصد نفاذ اسلام کے بغیر ممکن نہیں، اسلامی نظام کا مکمل نفاذ ہی ہماری دنیا و آخرت کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی نے لاہور میں ختم نبوت اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دین مکمل ضابطہ حیات ہے، اللہ پاک کے نزدیک دین صرف اسلام ہے، اسلام ایسا دین ہے جو تمام زمانوں کیلئے کافی ہے، اسلام کو کبھی زوال نہیں ہوگا، دین سے پھر جانیوالوں سے اللہ کو کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول (ص) کا ساتھ دیں، دین کو سب پر مقدم رکھیں، ہمارا اولین مقصد اسلامی نظام کا نفاذ ہے جو قیام پاکستان کی بنیاد بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 72 سالوں میں پاکستان میں نفاذ اسلام کی طرف پیشرفت نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ہم مسائل و مشکلات کی دلدل میں بُری طرح پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کی بجائے ان کیخلاف سازشوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور آئین کی اسلامی دفعات خصوصاً قانون توہین رسالت اور قانون تحفظ ختم نبوت کو غیر مؤثر یا ختم کرنے کیلئے طویل دورانیے والی خطرناک سازشیں ہو رہی ہیں لیکن نامساعد حالات کے باوجود یہ سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، یہ ملک ہمارا ہے اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے ہم محافظ ہیں، پاکستان میں بیروبی طاقتوں کو کی کسی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 911920

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911920/تحفظ-ختم-نبوت-ایمان-کی-اساس-اور-ہمارے-کا-بنیادی-حصہ-ہے-مولانا-عزیز-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org