0
Saturday 23 Jan 2021 19:05

مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی و سیاسی امور اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی جبکہ امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، صوبے میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی مٹی ہم سے یکجہتی اور یگانگت کا تقاضا کرتی ہے، نفاق کے بیج بونے والوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، قوم کو تقسیم کرنے کی ناپاک سازش کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی، قومی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والوں کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔ وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ معاشرے میں تحمل، برداشت اور میانہ روی کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔
خبر کا کوڈ : 911921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش