0
Saturday 23 Jan 2021 18:42

منرل ڈیپارٹمنٹ کو فعال بناکر بیروزگاری پر قابو پایا جائیگا، محمد الیاس صدیقی

منرل ڈیپارٹمنٹ کو فعال بناکر بیروزگاری پر قابو پایا جائیگا، محمد الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے منرلز و ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ جی بی کے قدرتی وسائل کے حوالے سے سابقہ ادوار میں کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ وسائل سے مالا مال خطے پر توجہ دی جاتی تو آج گلگت بلتستان کا نقشہ ہی بدل جاتا۔ قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر عوامی سطح پر اس کے ثمرات پہنچانے کی پوری کوشش کی جائیگی۔ مستقبل میں منرل ڈیپارٹمنٹ کو فعال بنا کر بیروزگاری پر قابو پایا جائیگا۔ محمد الیاس صدیقی نے شعبہ معدنیات سے وابستہ افراد کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں تمام لیز ہولڈرز کو پابند کیا جا رہا ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں اپنے دفاتر کے قیام کو یقینی بنائیں اور فوری طور پر لیز شدہ علاقوں میں کام کا آغاز کریں۔ وہ لیز ہولڈرز جو عرصہ دراز سے اپنے نام پر لیز لیکر کام نہیں کر رہے، انہیں شارٹ نوٹسز جاری کئے جائیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جو کمپنیاں فعال نہیں ہونگی، ان کا لیز کینسل کرنے کے علاوہ انہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں کٹنگ، پالیشنگ کی انڈسٹری لگانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اور خام مال کی جی بی سے ترسیل پر پابندی لگا کر گلگت بلتستان میں جیمز اینڈ منرلز مارکیٹ کو فعال کیا جائیگا۔ آنے والے وقتوں میں جی بی میں گرینائٹ اور ماربل پر کام کرنے والی کمپنیوں کو پابند کیا جائیگا کہ وہ مقامی سطح پر کارخانہ لگا کر گلگت بلتستان میں مال تیار کرکے علاقے کی شناخت کے ساتھ مارکیٹ تک پہنچائیں گے، تاکہ اندرون و بیرون ملک پہچان بھی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ جن لیزوں پر کمیونٹی ایشوز کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے، وہاں کی کمیونٹی کو مطمئن کرکے کام کے آغاز کو یقینی بنایا جائیگا۔ اس سلسلے میں مقامی ایڈمنسٹریشن کی جہاں ضرورت ہوگی، مدد بھی لی جائیگی اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 911922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش