QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ پنجاب نے امن و امان کے قیام کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی

23 Jan 2021 18:48

اپنے آفس میں ہونیوالی ملاقات میں عثمان بزدار نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائیگی، بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر قانون نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح پر لوگوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ ترقی کا سفر نچلی سطح تک لے کر جائیں گے اور پنجاب کے ہر شہر اور گاؤں میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے اڑھائی برس احتجاج کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی خدمت کی، پی ڈی ایم کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ عوام نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کو یکسر رد کر دیا ہے۔ یہ عناصر عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان قوم کی امید ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے مشاورت جاری ہے اور ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، جس سے عوام کے مسائل گراس روٹ لیول پر حل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ہر اہم ایشو پر منفی سیاست کی کوشش کی۔ اپوزیشن نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کر دیا ہے۔ عوام نے جلسوں سے لاتعلق رہ کر اپوزیشن کو آئینہ دکھا دیا۔ صوبائی وزیر قانون نے امن عامہ کیلئے کئے گئے اقدامات سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 911923

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911923/وزیراعلی-پنجاب-نے-امن-امان-کے-قیام-کیلئے-اقدامات-کی-ہدایت-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org