0
Saturday 23 Jan 2021 23:42

تکفیری دہشتگردی کیخلاف جنگ کو اسکے حامیوں کے گھر تک لے جائینگے، نصر الشَّمَری

تکفیری دہشتگردی کیخلاف جنگ کو اسکے حامیوں کے گھر تک لے جائینگے، نصر الشَّمَری
اسلام ٹائمز۔ عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس النجباء نے خبردار کیا ہے کہ عالمی دہشتگرد تنظیم داعش عتبات عالیات کو نشانہ بنانا چاہتی ہے۔ النجباء کے ترجمان نصر الشَّمَری نے الاتجاہ ٹی وی چینل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں داعش کی جانب سے مقدس اسلامی شہروں نجف اشرف و کربلائے معلی کو نشانہ بنانے کی مذموم سازش سے پردہ اٹھاتے ہوئے تکفیری دہشتگردی کے حامیوں کو متنبہ کیا ہے کہ ایسے کسی بھی اقدام کی صورت میں ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ کو تکفیری دہشتگردی کے حامیوں کے گھر تک پہنچا دیں گے۔ نصر الشَمَری نے کہا کہ موصول ہونے والی انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق دہشتگرد تنظیم داعش دوبارہ سے تنظیم نو اور نجف و کربلاء سمیت دارالحکومت بغداد کو نشانہ بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے بغداد بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کو تعزیت پیش کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بغداد کے گردونواح میں موجود داعشی دہشتگرد خودکش گاڑیوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ تیار کی جانے والے 5 گاڑیوں میں سے صرف دو کو ہی دھماکوں کے لئے استعمال کیا گیا ہے جبکہ 3 خودکش گاڑیاں ہنوز باقی ہیں۔

النجباء کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ اس کے انٹیلیجنس ونگ کے پاس دہشتگردوں سے متعلق جدید و حساس معلومات موجود ہیں اور اس حوالے سے وہ قومی انٹیلیجنس ایجنسیز کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں۔ النجباء کے ترجمان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دہشتگرد کربلاء تک پہنچنے کے لئے الانبار کے صحراء سے گزرنے کی کوشش میں ہیں، انکشاف کیا کہ خودکش حملہ آوروں میں سے ایک؛ شامی سرحد پر واقع عین اُسی مقام سے گزرا تھا جہاں سے قبل ازیں انتہائی مشکوک انداز میں سکیورٹی فورسز کو ہٹا لیا گیا تھا۔ نصر الشَّمَری نے اپنی گفتگو کے آخر میں متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی امن و امان اور عراقی شہریوں کی جان کی حفاظت ہمارے لئے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتی ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں اسلامی مزاحمتی محاذ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو خود انہی کے گھر تک پہنچا دیا جائے گا جو عراق کو آگ اور خون کے دریا میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز بغداد کے الطیران اسکوائر میں 2 خودکش بم دھماکے وقوع پذیر ہوئے تھے جن میں 32 بیگناہ شہری شہید اور 110 زخمی ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 911975
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش