QR CodeQR Code

انسانی حقوق کے دعویداروں کی پراسرار خاموشی اسرائیل کی شہ کا سبب ہے، شام

23 Jan 2021 23:58

شامی وزارت خارجہ کیجانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام ارسال کئے گئے علیحدہ خطوط میں تاکید کی گئی ہے کہ اقوام متحدہ اسرائیلی حملوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پر عملدرآمد کرتے ہوئے فوری طور پر انکی مذمت کرے۔


اسلام ٹائمز۔ شامی وزارت خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام ارسال کئے گئے علیحدہ خطوط میں شام پر ہونے والے غاصب صیہونی رژیم کے ہوائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ ان جارحانہ حملوں میں متعدد بے گناہ شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔ شامی وزارت خارجہ نے اپنے خطوط میں لکھا کہ جمعے کے روز حماہ کے گردونواح میں ہونے والے غاصب صیہونی رژیم کے ہوائی حملے شام کی ہوائی و جغرافیائی حدود اور اس کی خودمختاری سمیت انسانی حقوق و بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی تھے۔ شام نے اپنے خطوط میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پر عملدرآمد کرتے ہوئے فوری طور پر ان کی مذمت کرے۔

شامی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق شامی وزارت خارجہ کے خطوط میں لکھا گیا ہے کہ اسرائیل نے 22 جنوری بروز جمعہ حماہ کے نواح میں شامی اراضی پر ایک اور حملہ کیا تھا جس کے باعث نہ صرف ایک پورا خاندان؛ باپ، ماں اور ان کے 2 بچے شہید اور اسی خاندان سے تعلق رکھنے والے 4 دوسرے شہری زخمی ہو گئے تھے بلکہ اس حملے میں متعدد دوسرے شہریوں کے گھر بھی منہدم ہو گئے ہیں۔ شامی وزارت خارجہ نے اپنے خطوط میں ملک پر ہونے والے صیہونی حملوں کے اعداد و شمار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ گذشتہ 1 سال سے کم عرصے کے دوران اسرائیل کی جانب سے شام پر 10 ہزار مرتبہ حملہ کیا جا چکا ہے جبکہ ان حملوں میں نہ صرف شامی شہریوں کی ایک بڑی تعداد اپنی جانیں کھو چکی ہے بلکہ انہیں شدید مالی نقصان بھی پہنچا ہے۔ دمشق نے اپنے خطوط میں تاکید کی کہ اسرائیل کے یہ حملے نہ صرف شامی خودمختاری اور انسانی حقوق و بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان حملوں کا مقصد بے گناہ شامی شہریوں کو نشانہ بنا کر ان کے پرامن و پرسکون زندگی گزارنے کے حق کو چھین لینا ہے۔


خبر کا کوڈ: 911984

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/911984/انسانی-حقوق-کے-دعویداروں-کی-پراسرار-خاموشی-اسرائیل-شہ-کا-سبب-ہے-شام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org