0
Sunday 24 Jan 2021 02:43

چاند کی شہادت کیلئے تمام اداروں اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے فنی معاونت لی جائیگی، مولانا عبدالخبیر آزاد 

چاند کی شہادت کیلئے تمام اداروں اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے فنی معاونت لی جائیگی، مولانا عبدالخبیر آزاد 
اسلام ٹائمز۔ خطیب و امام بادشاہی مسجد، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت اتحاد و وحدت و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، علمائے کرام و مشائخ عظام مذہبی ہم آہنگی میں اپنا عظیم کردار ادا کریں، اقوام متحدہ میں پاکستان کی طرف سے مذاہب عالم کے احترام کی قرارداد کا منظور ہونا پاکستان کی ایک عظیم کامیابی ہے، پیغام پاکستان ایک عظیم بیانیہ ہے، جس کو ہر گھر میں پہنچایا جا رہا ہے، مدینۃ الاولیاء ملتان نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین اور رواداری کا پیغام دیا ہے۔ الحاج ملک شفقت حسنین بھٹہ کی امن اور رواداری کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عامر خٹک، تحفظ عزاداری امام حسین کونسل پاکستان کے مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ، اراکین صوبائی اسمبلی ملک سلیم لابر، قاسم خان لنگاہ، تحفظ عزاداری کونسل امام حسین کے مرکزی سیکریٹری جنرل سید طالب حسین پرواز، سینیئر نائب صدر مخدوم سید صدر الدین گیلانی بھی موجود تھے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے، ہم آزادی کے ساتھ ملک میں زندگیاں بسر کر رہے اور امن و امان کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ نبی کریم نے فرمایا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہوا کرتی ہے اور آج جتنی ضرورت اتفاق و اتحاد کی ہے، شائد اس سے پہلے نہیں تھی، ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، حکومت پاکستان کی جانب سے جو ذمہ داری مجھے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان ملی ہے، اس کو ان شاء اللہ احسن طریقے سے نبھائیں گے، شرعی اصولوں اور شہادتوں کے مطابق فیصلے کئے جائیں گے، فنی معاونت سمیت تمام اداروں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی طرف سے جو قرارداد احترام انسانیت اور مذاہب عالم کی پاس کی گئی ہے، وہ پاکستان کی عظیم فتح ہے، وزیراعظم پاکستان نے اسلامی امہ کی صحیح معنوں میں ترجمانی کی اور حق ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کو مدینہ کی ریاست کا ماڈل بنانے کی جو بات کی ہے، وہ پورے پاکستان کے ہر گھر کی آواز ہے، افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خاتمے میں جو کردار ادا کیا ہے، اس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، پیغام پاکستان جو کہ پاکستان کا ایک عظیم بیانیہ ہے، اسے ہر گھر میں پہنچایا جا رہا ہے۔

مولانا عبدالخبیر نے کہا کہ مدینۃ الاولیاء ملتان نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین اور رواداری کا پیغام دیا ہے، اس دھرتی سے سابق ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب الحاج شفقت حسنین بھٹہ نے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے امن و امان، اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کیلئے جو خدمات سرانجام دی ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہمیشہ اتحاد، رواداری کے لئے مدینۃ الاولیاء کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان سے اپنی محبت کی آواز کو بلند کیا۔ اس موقع پر تحفظ عزاداری کونسل امام حسین کے صدر خاور شفقت بھٹہ، سیکرٹری جنرل سید طالب حسین پرواز و دیگر عہدیداران نے مولانا سید عبد الخبیر آزاد کو اپنے تنظیمی عہدیداران کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ان کی تنظیم ان کی رویت ہلال کمیٹی سے بھرپور تعاون کرے گی اور ہم حکومت کے ان کی بطور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تعیناتی کے فیصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، جس پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 912011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش