0
Sunday 24 Jan 2021 09:55

افغانستان اور ازبکستان کے ساتھ بینکنگ معاہدوں پر کام جاری ہے، عبدالرزاق دائود

افغانستان اور ازبکستان کے ساتھ بینکنگ معاہدوں پر کام جاری ہے، عبدالرزاق دائود
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داود نے کہا ہے کہ افغانستان اور ازبکستان کے ساتھ بینکنگ معاہدوں پر کام جاری ہے، جن کے فائنل ہونے کے بعد ان ممالک کے ساتھ تجارت بہتر ہوگی۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان و دیگر سے غیررسمی ملاقات میں مشیر تجارت نے کہا کہ مقامی سطح پر تیارنہ ہونے والی اشیا اور خام مال پر ریگولیٹری اور ایڈیشنل ڈیوٹی ختم کردی جائے گی جبکہ کسٹم ڈیوٹی میں بھی کمی کی جائے گی۔

انکا کہنا تھا کہ لیدر، آم، آلو، کینو اور کھجور کی برآمدات کے فروغ کیلئے کونسلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، امید ہے کہ اس سے بہترین معاشی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کا حصول حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ میاں طارق مصباح نے کہا تجارتی خسارہ معیشت کیلئے نقصان دہ ہے، اس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، ریفنڈز کے اجرا کا عمل بھی بہتر کیا جائے، فارماسیوٹیکل، چاول، حلال گوشت، انجینئرنگ سیکٹر وغیرہ کو بھی وہی مراعات دی جائیں جو ایکسپورٹس سے وابستہ دیگر شعبوں کو دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور سرٹیفکیشن کی سہولیات بہتر کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات زیادہ تر ٹیکسٹائل، چاول اور چند دیگر شعبوں پر منحصر ہیں، تجارت کیلئے نئی مصنوعات اور نئی منڈیوں پر توجہ دی جائے۔ ناصر حمید خان نے کہا کہ کاپر اور ایلومینیم کی ایکسپورٹ پر ڈیوٹی عائد کی جائے تاکہ مقامی سطح پر انڈسٹری کیلئے ان کی قلت نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 912043
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش