0
Sunday 24 Jan 2021 10:19

جماعت اسلامی کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی پشتی بان ہے، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی پشتی بان ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ براڈشیٹ اور سرکلر ڈیٹ بجلی کے معاملات پر حکومت کی تیاری اور وضاحت کے لیے پارلیمنٹ کا فورم موجود ہوتا تو آج حکومت کو ذلت و رسوائی اور شدید عوامی ردعمل کا سامنا نہ ہوتا، حکومت معیشت کی بہتری کا جھوٹا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے جبکہ بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتیں اور ٹیکسوں کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ بار بار کریش کر جاتی ہے ۔ اربوں کھربوں ڈبودیے جاتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی اور افراط زر بڑھ رہا ہے، تجارت ، صنعت اور زراعت کا پہیہ سست رفتار ہے، یہی وجہ ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے، اقتصادی بحران کے خاتمے کے لیے کرپشن کا خاتمہ، خود انحصاری اور اسلام کا معاشی نظام نافذ کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں، جماعت اسلامی کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی پشتی بان ہے، 3 فروری کو قومی کشمیر کانفرنس اور 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر میں پوری قوم کشمیریوں سے غیر متزلزل پشتی بانی کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

منصورہ لاہور میں لوئر دیر، سوات، سندھ کے وفود اور مزدوروں کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ علما و مشائخ اختلافات چھوڑ کر اپنی ساری کوششیں دین متین، قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے مرتکز کردیں ۔عوام کی اصلاح و رہنمائی کے لیے منبر و محراب سے اتحاد امت، برداشت، امن و سلامتی کی آواز بلند ہو وگرنہ غیر اسلامی نظام اور بدتہذیبی کی قدریں ایک ایک کر کے اسلامی نشانات مٹا دیں گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مزدور اور کسان کی ساری زندگی روٹی کے لیے ہی محدود نہیں، آدمی کے لیے سب سے بڑی چیز آدمیت، وقار اور باعزت زندگی ہے، ہم ملک سے جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ، مفاد پرستانہ ذہنیت کا خاتمہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 912049
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش