QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، جعلی شناختی کارڈز اور کینٹ پاس بنانے والا گروہ گرفتار

24 Jan 2021 16:58

تھانہ کینٹ پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے مسعود مارکیٹ اور قلعہ روڈ سے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر پرنٹرز چارجرز پی وی سی کارڈز و دیگر سامان برآمد کر لیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں محمد  اکلیم حسنین، عنایت علی اور محمد ساجد سکنہ کوٹ جائی شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پہ کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناختی کارڈ اور کینٹ میں انٹری کے پاس بنانے والا گروہ گرفتار کر لیا ہے۔ تھانہ کینٹ پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے مسعود مارکیٹ اور قلعہ روڈ سے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر پرنٹرز چارجرز پی وی سی کارڈز و دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں محمد اکلیم حسنین ولد نوید الحسن، عنایت علی ولد صادق علی محلہ روشن چراغ اور محمد ساجد ولد غلام حسین سکنہ کوٹ جائی شامل ہیں۔ ملزمان پاک آرمی، لیویز پولیس اور دیگر سرکاری محکمہ جات کے علاوہ جعلی کینٹ پاس بنانے میں ملوث پائے گئے۔ تھانہ کینٹ میں ڈی ایس پی سٹی سرکل فضل رحیم نے ایس ایچ او تھانہ کینٹ غفار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو سامان سمیت گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان مختلف محکموں کے جعلی کارڈ بنانے میں ملوث ہیں اور ان کے اس فعل سے تخریب کاری اور دہشتگردی کو ممکنہ مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان بھاری رقم کے عوض کسی بھی محکمے کے اور کینٹ پاس بںا کے دیتے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی ایس پی فضل رحیم نے کہا کہ مزید تفتیش کے بعد پتا چلے گا کہ گزشتہ ہفتے گرفتار ہونے والے افغان مہاجرین کو جعلی شناختی کارڈ بنا کر دینے والے گروہ سے ان کا کتنا رابطہ تھا یا گرفتار ہونے والے جعلی کارڈ بنانے والے اس گروہ کے پیچھے کن لوگوں کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور مزید انکشاف ہونے کے بھی امکان موجود ہیں۔ گرفتار ملزمان پر 419، 420، 468 اور 471 دفعات کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 912093

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912093/ڈی-ا-ئی-خان-جعلی-شناختی-کارڈز-اور-کینٹ-پاس-بنانے-والا-گروہ-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org