QR CodeQR Code

مدارس کی تعمیر نو کے نام پر مسالک کی مزید تقسیم ناقابل برداشت ہے، عبدالغفور راشد

24 Jan 2021 17:51

مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ مدارس کی تقسیم کے ساتھ علماء کو دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ کے اجراء کا عندیہ اور اس کے لیے سروے کا مطلب درباری ملاں پیدا کرنے کی کوشش، جس کے شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کرتے ہیں کہ حکومت کو سوائے بدنامی کے کچھ نہیں ملے گا۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ مدارس کی تعمیر نو کے نام پر مسالک کی مزید تقسیم ناقابل برداشت ہے۔ اسلامی مکاتب فکر میں انتشار پیدا کرنے کی حکومتی پالیسی مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلے سے موجود پانچ وفاق المدارس کی مزید تقسیم، متوازی وفاق المدارس یا مدرسہ بورڈ کی تشکیل انتشار پیدا کرنے کی سازش ہوگی، تمام وفاق المدارس پر مشتمل "اتحاد تنظیمات مدارس" کی موجودگی میں مزید مدرسہ تنظیموں کی تشکیل فرقہ واریت کو ہوا دینے اور انتشارکا باعث ہوگا، اس لیے حکومت کسی ایسی بھونڈی حرکت سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذیلی تنظیمات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اہلحدیث لائرز فورم، اہلحدیث اساتذہ، اہلحدیث یوتھ فورس کے رہنماوں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ مدارس کی تقسیم کے ساتھ علماء کو دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ کے اجراء کا عندیہ اور اس کے لیے سروے کا مطلب درباری ملاں پیدا کرنے کی کوشش، جس کے شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کرتے ہیں کہ حکومت کو سوائے بدنامی کے کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا حصہ ہونے کے ناطے مرکزی جمعیت اہلحدیث، اپوزیشن اتحاد کا بھرپور ساتھ دے گی، عمران خان 31 جنوری تک مستعفی نہ ہوئے تو لانگ مارچ کا اعلان رکن جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نااہل اور نالائق حکومت مہنگائی کا طوفان بند کرنے اور اپوزیشن کا پارلیمانی مقابلہ کرنے کی بجائے کرائے ترجمان سے کام لے رہی ہے، جو کہ پی ٹی آئی کی بے بسی اور سیاسی یتیمی کا ثبوت ہے۔


خبر کا کوڈ: 912103

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912103/مدارس-کی-تعمیر-نو-کے-نام-پر-مسالک-مزید-تقسیم-ناقابل-برداشت-ہے-عبدالغفور-راشد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org