QR CodeQR Code

پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی، آصف زرداری

24 Jan 2021 18:42

چودھری منظور احمد سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران سابق صدر نے کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گرچکے ہیں، بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اس ناکام اور ناہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔


اسلام ٹائمز۔ سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہوچکا ہے، پی ڈی ایم متحد ہے حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد کو ٹیلی فون کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک شدید خطرات میں ہے، حکمران کوئی بڑا بلنڈر کرسکتے ہیں، حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہوچکا ہے، پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہوسکتا ہے، حکمرانوں کو اب مزید کورونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، نہ یہ ویکسین خرید سکے نہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ یہ کورونا میں عوام کی مدد کرسکے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے 2008ء کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26 ارب تک بڑھائی، ملک کا ریونیو ڈبل کیا، ملازمین کی 125 فیصد تنخواہیں بڑھائیں، سرکاری ملازمین کی پینشن میں 100 فیصد اضافہ کیا لیکن اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریئے منفی کردیئے۔ سابق صدر نے مزید کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گرچکے ہیں، بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اس ناکام اور ناہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔


خبر کا کوڈ: 912115

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912115/پی-ڈی-ایم-متحد-ہے-حکومت-پر-ہر-طرف-سے-وار-کرے-گی-آصف-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org