0
Sunday 24 Jan 2021 19:37

امت مسلمہ صیہونی قوتوں کیخلاف متحد ہو جائے، جو دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، مولانا عبدالخبیر آزاد 

امت مسلمہ صیہونی قوتوں کیخلاف متحد ہو جائے، جو دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، مولانا عبدالخبیر آزاد 
اسلام ٹائمز۔ رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین، سفیر امن، خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ مذاہب عالم کو آپس میں لڑانے اور شیعہ سنی کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے، ایک طرف یزیدی لشکر تو دوسری طرف حسینی ہیں، حسینیت کا علم مشعل راہ ہے، امت مسلمہ صیہونی قوتوں کی سازشوں کے خلاف متحد ہو جائے، جو دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ الحاج شفقت حسنین بھٹہ نے اپنی ساری زندگی عشق رسول و اہلیبیت و صحابہ سے محبت میں گزاری اور اتحاد، اخوت، رواداری، امن کے پیغام کو اولیاء اللہ کی دھرتی سے لے کر پاکستان بھر میں عملی طور پر پہنچایا، امید ہے ان کے صاحبزادگان بھی اپنے والد کے مشن کو مزید آگے لے کر جائیں گے، ملک کے معروف عالم دین علامہ محمد حسین اکبر (لاہور) نے کہا کہ ملک و قوم دشمن عناصر وطن عزیز پاکستان کو عراق و شام کی طرح تباہ حال کرنے کے درپے ہیں، مگر وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے، پاکستان کا قیام ریاست مدینہ کے لئے ہی بنا تھا، مگر ناعاقبت اندیشوں کی وجہ سے منزل تک نہ پہنچ سکے، آج وزیراعظم عمران خان کو اللہ تعالیٰ نے موقع دیا ہے کہ وہ وطن عزیز پاکستان کو ریاست مدینہ کے طور پر استوار کرنے کے لئے آگے بڑھیں، تاکہ مسائل کا شکار غریب قوم کو ان کے حقوق حقیقی معنوں میں مل سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ جہاں بینکوئیٹ ہال میں تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ، سہیل حسنین بھٹہ کے والد بزرگ سابق ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب و تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے صدر الحاج شفقت حسنین بھٹہ مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے رسم قل خوانی کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب میں کیا۔ جس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد، سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی، مخدوم سید یزدانی گیلانی، مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی، مخدوم سیدابوالحسن گیلانی، مخدوم سید ذوہیب گیلانی نے مرحوم کے صاحبزادے خاور شفقت بھٹہ کی دستار بندی کی جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی، مخدوم سید یزدانی گیلانی، دربار عالیہ حضرت موسیٰ پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن گیلانی، خانقاہ حضرت چادر والی سرکار کے سجادہ نشین پیر سید علی حسین شاہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرائی، جبکہ نظامت کے فرائض سید طالب حسین پرواز نے سرانجام دیئے۔
خبر کا کوڈ : 912123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش