QR CodeQR Code

گورنر ہاؤس چھوڑنے کیلئے عمران اسماعیل کو 50 لاکھ روپے کی آفر

24 Jan 2021 20:58

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج ملک میں ظلم کا نظام قائم ہے، ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ ملازمتیں دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 50 لاکھ روپے کی آفر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کراچی میں ملازمین کے دھرنے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کہتے ہیں کہ ہم نے ہر مزدور کو 5 لاکھ روپے ادا کیے ہیں۔ انہوں نے گورنر عمران اسماعیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو 50 لاکھ روپے دیتے ہیں، آپ گورنر ہاؤس چھوڑ دیں۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ادارے تباہ و برباد ہوگئے، پاکستان اسٹیل مل ایشیا کا سب سے بڑا ادارہ تھا، معیشت میں اس کا اہم کردار تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ظالم درندوں اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے آج اسٹیل مل تباہ و برباد ہوگیا۔ سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ ادارے کی ناکامی کے ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کرتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے مظلوم ملازمین کو بے روزگار کیا اور کھلے آسمان تلے چھوڑ دیا۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے پاکستان اسٹیل مل سے متعلق سینیٹ میں قرارداد پیش کی، سینٹ میں سوالات اٹھائے، جس پر بیوروکریسی اور حکومت جوابات نہ دے سکی۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بتائیں کہ قوم کے نوجوان کیوں بے روزگار ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ آج ملک میں ظلم کا نظام قائم ہے، ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ ملازمتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آنے کے بعد برسرروزگار سے ہی روزگار چھین لیا گیا، اسٹیل مل ملازمین نے اپنی ساری زندگی وقف کر دی، آج انہیں بے روزگار کر دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 912135

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912135/گورنر-ہاو-س-چھوڑنے-کیلئے-عمران-اسماعیل-کو-50-لاکھ-روپے-کی-ا-فر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org