0
Sunday 24 Jan 2021 21:25

سعودی عرب کیساتھ ہر قسم کے مذاکرات کو تیار ہیں، ایران

سعودی عرب کیساتھ ہر قسم کے مذاکرات کو تیار ہیں، ایران
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک سوال کے جواب میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ سعودی عرب سمیت خطے کے بعض ممالک کی جانب سے ایران پر بے بنیاد الزامات عائد کئے جانے کے باوجود ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے کے ممالک کو خطے کے مسائل کے بارے ایک مشترکہ افہام و تفہیم پیدا کرنا چاہئے تاکہ واحد سکیورٹی طریقۂ کار تک پہنچا جا سکے، کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سعودی عرب سمیت خلیج فارس کے عرب ممالک کی جانب سے تاحال ایران کی کسی پیشکش کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سعودی حکام کو جان لینا چاہئے کہ جنگ و خونریزی اُنہیں کوئی مدد فراہم نہیں کر سکتی جبکہ انہیں چاہئے کہ وہ اپنے سابق ساتھیوں سے ناامید ہو کر خلیج فارس کے بعض ممالک کے حوالے سے اختیار کردہ اپنی سیاست کی اصلاح کریں، کہا کہ اگر وہ اپنی سیاست میں تبدیلی کے حوالے سے سنجیدہ ہوں اور اس نتیجے تک پہنچ جائیں کہ تمام مشکلات کا حل خطے کی سطح پر تعاون میں پوشیدہ ہے تو اس حوالے سے ان کی تائید کرنے اور انہیں خوش آمدید کہنے والا پہلا ملک ایران ہو گا۔

سعید خطیب زادہ نے اس سوال کے جواب میں کہ آپ سعودی عرب کی سیاست میں اصلاح پر زور دیتے ہیں جبکہ دوسری طرف ریاض بھی خطے کے اندر جاری ایران کی بعض سیاستوں سے نالاں ہے، کہا کہ عبیہ نامی علاقے کے خلاف سعودی اقدامات کی ایک لمبی فہرست موجود ہے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے اس علاقے کے خلاف انجام دیئے گئے تمام اقدامات جارحیت اور ہمسایہ ممالک کی حدود کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ایک طرف تو گذشتہ کئی سالوں سے غریب ترین مسلم ملک یمن پر نہ صرف حملہ بلکہ اس کے غریب عوام کا بھی ہر حوالے سے سخت ترین محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ دوسری طرف اس نے قطر سمیت خطے کے بہت سے ممالک پر زور زبردستی کے ذریعے اپنی سیاست بھی مسلط کر رکھی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران نے نہ صرف ہمیشہ سے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے بلکہ درگزر کے ذریعے سعودی عرب سمیت خطے کے مختلف ممالک کی غلطیوں سے صرف نظر کرنے کی بھی پوری کوشش کی ہے، کہا کہ ممکن ہے کہ سعودی حکام یکطرفہ طور پر کچھ خاص پریشانیوں میں مبتلا ہوں جبکہ اس حوالے سے ہماری تاکید ہے کہ ہر ایک مسئلے پر کھل کر گفتگو کی جانا چاہئے۔ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ "ہرمز صلح منصوبہ" بھی اسی حوالے سے تیار کیا گیا ہے جو انہی مسائل کے حوالے سے گفتگو پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی بعض پریشانیوں کا سبب صرف اور صرف وہم ہے جس کے باعث غیر طاقتوں کو خطے میں آنے کا موقع ملا ہے جبکہ ہم سعودی عرب کی ہر قسم کی پریشانی، چاہے وہ وہمی و خیالی ہی کیوں نہ ہو، پر کھلی گفتگو کو تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 912139
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش