QR CodeQR Code

بڑی مچھلیوں کے خلاف منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، جسٹس (ر) جاوید اقبال

24 Jan 2021 22:25

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم اور اسٹریٹ کرائم میں فرق ہوتا ہے، وائٹ کالر کرائم کی تفتیش کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، کئی بار شواہد بیرون ملک سے بھی حاصل کرنا ہوتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ بڑی مچھلیوں کے خلاف منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ اسلام آباد میں چیئرمین نیب جاوید اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ کالر کرائم اور اسٹریٹ کرائم میں فرق ہوتا ہے، وائٹ کالر کرائم کی تفتیش کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، کئی بار شواہد بیرون ملک سے بھی حاصل کرنا ہوتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ فالودہ، چھابڑی، پاپڑ والا کے نام پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، احتساب عدالتوں میں شواہد کی بنیاد پر ریفرنس دائر کیے ہیں، شوگر، گندم اسکینڈل کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کرپشن کو بڑی لعنت قرار دیا تھا، کرپشن فری پاکستان ہی نیب افسران کا ایمان ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ مضاربہ کیس میں معصوم لوگوں کو لوٹا گیا، لوگوں کو بھاری منافع کی لالچ دے کر عمر بھر کی جمع پونجی لوٹی گئی، مضاربہ کیس میں مفتی احسان اور ساتھیوں کو 10 سال کی سزا اور 10 ارب کا جرمانہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے میگا کرپشن کے مقدمات کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں احتساب عدالتوں میں دائر کی جائیں گی۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کا خاتمہ اور لوٹی گئی رقوم کی قومی خزانے میں واپسی اولین ترجیح ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 912145

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912145/بڑی-مچھلیوں-کے-خلاف-منی-لانڈرنگ-ٹھوس-شواہد-موجود-ہیں-جسٹس-ر-جاوید-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org