QR CodeQR Code

مراد علی شاہ اور خورشید شاہ پر نیب ریفرنسز بدنیتی پر مبنی ہیں، ناصر حسین شاہ

24 Jan 2021 23:30

کراچی پریس کلب کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں وزیراعلیٰ سندھ کا اہم کردار ہے، یہ بات لوگوں سے ہضم نہیں ہوتی اسی لئے آئے دن مراد علی شاہ کے خلاف شوشا چھوڑ دیا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سید خورشید شاہ پر قومی احتساب بیورو (نیب) ریفرنسز بدنیتی پر مبنی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر نیب مقدمات کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں خواتین کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی نااتفاقی نہیں، پی ڈی ایم کے اجلاس میں عدم اعتماد لانے کا نقطہ طے ہوا تھا اور پارٹی چیئرمین نے وہی بات کی تھی جو آل پارٹیز کانفرنس میں نقطہ شامل کیا گیا تھا، اس حکومت کو ہٹانے کیلئے آئینی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ چیئرمین نیب کو براڈ شیٹ پر فوری ریفرنس دائر کرنا چاہیئے اور اس میں ملوث لوگوں کو گرفتار کرائیں تاکہ حقائق قوم کے سامنے آئیں، یہ چیئرمین نیب کا امتحان ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں وزیراعلیٰ سندھ کا اہم کردار ہے، یہ بات لوگوں سے ہضم نہیں ہوتی اسی لئے آئے دن مراد علی شاہ کے خلاف شوشا چھوڑ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید خورشید شاہ کو پیپلز پارٹی سے وفاداری کی سزا دی جا رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت واضح کرچکی ہے کہ 2023ء تک سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ہی ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 912153

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912153/مراد-علی-شاہ-اور-خورشید-پر-نیب-ریفرنسز-بدنیتی-مبنی-ہیں-ناصر-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org