QR CodeQR Code

غاصب صیہونی رژیم سے مقابلے میں ایران ہمارا اصلی حامی ہے، خضر عدنان

24 Jan 2021 23:39

فارس نیوز کیساتھ گفتگو میں اپنی جدوجہد کی بناء پر اسرائیلی جیل سے آزاد ہونیوالے فلسطینی مزاحمتکار اور جہاد اسلامی کے مرکزی رہنما نے کہا ہے کہ عالمی برادری نے ہمارے قتل عام پر مبنی غاصب صیہونی رژیم کے انسانیت سوز اقدامات پر نہ صرف خاموشی اختیار کر رکھی ہے بلکہ اس حوالے سے دوہرے معیارات بھی اختیار کئے ہوئے ہیں تاہم ہمارے لئے یہی کافی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نہ صرف ہر روز بلکہ ہر ہر لمحے فلسطینی قوم کیساتھ اپنے گہرے تعلقات کا اعلان اور اس پر فخر کرتا ہے بلکہ قدس شریف، مسجد اقصی اور فلسطینی مقدس مقامات و قوم کی عملی حمایت کو اپنا وظیفہ جانتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اپنی 58 روزہ بھوک ہڑتال کے بعد اسرائیلی جیل سے رہا ہونے والے فلسطینی قیدی اور فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے مرکزی رہنما خضر عدنان نے ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے ساتھ گفتگو میں صیہونی جیلوں کی غیر انسانی صورتحال میں قید فلسطینی شہریوں کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں فواد الشبوکی نامی عمر رسیدہ فلسطینی سمیت متعدد قیدی کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ غاصب صیہونی رژیم اس حوالے سے قیدیوں کا کوئی خیال نہیں رکھتی حتی انہیں ضروری ادویات کی فراہمی سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔ خضر عدنان نے کہا کہ اس صورتحال میں صیہونی جیل میں فلسطینی مزاحمتی فورس گردان القدس کا رکن باسل مخلوف عجاج بھی جسمانی اعتبار سے انتہائی ناگفتہ بہ حالت میں قید ہے جبکہ اسرائیلی جیلوں میں قید تمام فلسطینی شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اپنی جدوجہد کی بناء پر اسرائیلی جیل سے آزاد ہونے والے فلسطینی مزاحمتکار نے صیہونی جیلوں میں قید فلسطینیوں پر قومی اتحاد کے مثبت اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کا باہمی اتحاد غاصب صیہونی رژیم سے مقابلے میں حتمی طور پر اُنہیں قوت فراہم کرتا ہے لہذا میدان کے ساتھ ساتھ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے درمیان بھی قوی اتحاد موجود ہونا چاہئے تاکہ واحد فلسطینی قیادت کی رہنمائی پر ہر میدان میں ظالمانہ صیہونی فیصلوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا سکے۔ خضر عدنان نے کہا کہ عالمی برادری نے ہمارے قتل عام پر مبنی غاصب صیہونی رژیم کے انسانیت سوز اقدامات پر نہ صرف خاموشی اختیار کر رکھی ہے بلکہ اس حوالے سے دوہرے معیارات بھی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ دنیا کے اکثر ممالک انسانیت سوز اقدامات میں اسرائیل کے ہمراہ کھڑے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ انسانی حقوق کا دم بھی بھرتے ہیں تاہم جب انسانی حقوق کا مسئلہ فلسطینیوں سے تعلق پیدا کرتا ہے تو وہ خاموشی اختیار کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی قوم کے انسانی حقوق کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے مرکزی رہنما نے مسئلۂ فلسطین کی کھلی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ امتِ مسلمہ کے درمیان ہمارے مضبوط حامی موجود ہیں، خاص طور پر یہ کہ غاصب صیہونی رژیم سے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران ہمارا اصلی حامی ہے۔ خضر عدنان نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہی کافی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نہ صرف ہر روز بلکہ ہر ہر لمحے فلسطینی قوم کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کا اعلان اور اس پر فخر کرتا ہے بلکہ قدس شریف، مسجد اقصی اور فلسطینی مقدس مقامات و قوم کی عملی حمایت کو اپنا وظیفہ جانتا ہے۔ انہوں نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کی مناسبت سے ان کے ساتھ ساتھ فلسطین تا لبنان، شام، عراق، ایران و یمن کے اسلامی مزاحمتی محاذ کے تمام شہیدوں کی پاک ارواح کو خراج عقیدت پیش کیا اور تاکید کی کہ ان شاء اللہ، خداوند متعال کی مدد سے ہم عنقریب ہی غاصب صیہونی رژیم کو شکست فاش سے دوچار کرتے ہوئے مل کر مسجد اقصی میں نماز ادا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 912155

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912155/غاصب-صیہونی-رژیم-سے-مقابلے-میں-ایران-ہمارا-اصلی-حامی-ہے-خضر-عدنان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org