QR CodeQR Code

جماعت اہل سنت پاکستان کا اعلیٰ سطحی اجلاس، مہنگائی، معاشی اور اقتصادی بدحالی پر حکومت پر سخت تنقید 

25 Jan 2021 00:04

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت کے سربراہ سید مظہر سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ عوام الناس بجلی اور ڈیزل سمیت اشیائے ضروریہ میں مہنگائی کی وجہ سے معاشی اور اقتصادی طور پر بدحال ہیں، سودی نظام کی وجہ سے ملکی معیشت زوال پذیر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے سربراہ علامہ سید مظہر سعید کاظمی اور مرکزی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ خالد سلطان قادری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویداروں نے بدانتظامی، مہنگائی اور گرانی کے ذریعے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، عوام الناس بجلی اور ڈیزل سمیت اشیائے ضروریہ میں مہنگائی کی وجہ سے معاشی اور اقتصادی طور پر بدحال ہیں، سودی نظام کی وجہ سے ملکی معیشت زوال پذیر ہے۔ وہ ملتان میں جماعت اہل سنت پاکستان کے اعلیٰ اختیاراتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس مرکزی امیر علامہ سید مظہر سعید کاظمی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ جماعت کے مرکزی نائب امیر صاحبزادہ سید طاہر سعید کاظمی، صوبائی چیف آرگنائزر پیر سید خلیل الرحمن شاہ اور صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے کہا کہ ملک میں قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں ملکی سالمیت واستحکام کیلئے تشویشناک ہیں، حکومت اس کا فوری طور پر نوٹس لے، اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلامی ممالک کے سربراہان، اسلام دشمن اقدامات بالخصوص توہین آمیز خاکوں کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کریں۔ مرکزی قائدین نے اپیل کی کہ ماہ فروری میں جانشین رسول سیدنا حضرت صدیق اکبر کے یوم وصال کی مناسبت سے اجتماعات منعقد کئیے جائیں، جن میں اسلام اور مسلمانوں کیلئے خلیفہ اول کی عظیم الشان خدمات اور تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے ان کے عظیم کارناموں کو اجاگر کیا جائے۔ اجلاس میں مرکزی چیف آرگنائزر حاجی احسان الحق فریدی اور پیر غلام قطب الدین فرید چشتی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ 14فروری کو صحبت پور بلوچستان میں کل پاکستان سنی کانفرنس منعقد ہوگی جس میں جماعت کے مرکزی اور صوبائی قائدین شریک ہوں گے جبکہ 22فروری کو ملتان میں اہم فیصلوں کیلئے جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی ادارے سپریم کونسل کا اجلاس ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 912159

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/912159/جماعت-اہل-سنت-پاکستان-کا-اعلی-سطحی-اجلاس-مہنگائی-معاشی-اور-اقتصادی-بدحالی-پر-حکومت-سخت-تنقید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org