0
Monday 25 Jan 2021 11:01

تحریک عدم اعتماد کا توڑ نکالنے کیلئے عمران خان کے اراکین اسمبلی سے رابطے

تحریک عدم اعتماد کا توڑ نکالنے کیلئے عمران خان کے اراکین اسمبلی سے رابطے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تجویز کا توڑ کرنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ وزیر اعظم نے ارکان قومی اسمبلی سے براہ راست رابطے شروع کردیے ہیں اور گروپوں کی صورت میں ملاقاتیں شروع کردی ہیں، یہ سلسلہ جمعہ کے روز شروع کیا گیا اور ہفتہ اور اتوار کے روز بھی جاری رہا۔ معاون خصوصی ملک عامر ڈوگر اس میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، وزیر اعظم ارکان قومی اسمبلی کے مسائل سن رہے ہیں اور ان کے حل کیلئے ہدایات دے رہے ہیں، ارکان کے گلے شکوے بھی دور کئے جارہے ہیں۔

اے پی پی کے مطابق عمران خان سے اتوار کو دیر سوات اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیںجس میں ترقیاتی منصوبوں، جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ اور کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان سے دیر اور سوات سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی نے اتوار کو ملاقات کی اور اپنے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر، سلیم رحمان اور بشیر خان شامل تھے، ملاقات میں دیر میں امن و امان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرکے لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع نہیں دیئے گئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر، وہاڑی سے رکنِ قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی اور اور نور محمد خان بھابھا شامل تھے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج کی تجاویز تیار کر رہی ہے، جس کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔
 
خبر کا کوڈ : 912213
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش