0
Monday 25 Jan 2021 15:21

سندھ حکومت کی سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس کی مخالفت

سندھ حکومت کی سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس کی مخالفت
اسلام ٹائمز۔ حکومتِ سندھ نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس کی مخالفت کر دی اور کہا کہ ریفرنس محض سیاست پر مبنی ہے، جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے چیف سیکریٹری سندھ کے ذریعے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروایا، جس میں کہا گیا کہ صدارتی ریفرنس سیاسی مصلحت پر دائر کیا گیا ہے، صدر مملکت کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس میں کوئی قانونی سوال نہیں اٹھایا گیا۔ سندھ حکومت کاکہنا ہے کہ سپریم کورٹ صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے دینے سے انکار کرے، الیکشن ایکٹ 2017ء میں صرف سینیٹ انتخابات کا طریقہ واضح کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت کے جواب میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس میں سیاست، سماجی، اخلاقی اقدار سے متعلق سوالات اٹھائے گئے، جن کا آئین سے کوئی تعلق نہیں ہے، سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار سے متعلق بحث ہوتی رہی ہے۔

سندھ حکومت نے کہا کہ صدارتی ریفرنس میں اٹھائے گئے سوالات پر عدالت میں پہلے بھی بحث ہو چکی ہے، سینیٹ الیکشن سے متعلق قانون سازی پارلیمان میں ہونی چاہیے۔ جواب میں کہا گیا کہ سینیٹ انتخابات آئین میں درج ہیں، جن کا طریقہ کار الیکشن ایکٹ میں واضح کیا گیا ہے، آرٹیکل 226 کے تحت ہونے والے تمام الیکشن بشمول سینیٹ الیکشن خفیہ رائے شماری سے ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات سے متعلق دائر صدارتی ریفرنس میں سندھ حکومت سے جواب طلب کر رکھا تھا، سندھ حکومت نے چیف سیکریٹری سندھ کے ذریعے جواب جمع کرایا۔
خبر کا کوڈ : 912280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش