0
Monday 25 Jan 2021 18:41

جو بائیڈن ایران کیساتھ ایٹمی معاہدہ کرکے امن کی راہ ہموار کرے، فائزہ نقوی

جو بائیڈن ایران کیساتھ ایٹمی معاہدہ کرکے امن کی راہ ہموار کرے، فائزہ نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے مسلم ممالک پر سفری پابندیاں اٹھانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری نئی انتظامیہ سے اچھی توقعات رکھتی ہے اور امید کرتی ہے سابق صدر ٹرمپ کی طرف سے کئے گئے احمقانہ فیصلوں کو واپس لے کر امریکہ کے مہذب ملک ہونے کا ثبوت دے گی۔ جے یو پی پنجاب کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فائزہ نقوی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں امریکی صدور ٹرمپ ہو، جارج بش یا بل کلنٹن، امریکی پالیسیاں ہمیشہ مسلمانوں کے مفادات کیخلاف ہی رہی ہیں، کیونکہ امریکی انتظامیہ یہودی لابی کے زیر اثر اسرائیل کے تحفظ کیلئے اسلامی ممالک کیخلاف کام کرتی رہی ہے، امریکہ نے ہمیشہ ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کا تحفظ کرکے فلسطینیوں کو ان کے حقوق اور سرزمین سے محروم رکھا۔ یروشلم کو زبردستی اسرائیل کا دارالخلافہ بنایا اور سفارتخانہ منتقل کیا، جوبائیڈن کو عالمی قوانین اور انسانی جمہوری حقوق کی خلاف ورزی میں اٹھائے گئے اقدامات کو بھی واپس لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ جنوبی ایشیا میں بھارت کو چودھری بنا کر چین اور پاکستان کو دباو میں رکھنے کیلئے انتہا پسند ہندو ریاست کی سرپرستی کرتا رہا ہے، اس لیے آج تک امریکہ نے کشمیر پر پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت کی اور نہ ہی کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کی مذمت کی۔ اس لئے اگر واقعی امریکہ انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی پاسداری چاہتا ہے، تو آزاد فلسطینی ریاست کے قیام، مظلوم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور روہنگیا کے مسلمانوں کے تحفظ کا اعلان کرے۔ اسی طرح ایران کیساتھ عالمی قوتوں کے ایٹمی معاہدے سے بھی ٹرمپ نکل گیا تھا، نئے امریکی صدر جوبائیڈن کو دوبارہ معاہدہ میں شامل ہوکر عالمی امن کی راہ ہموار کرنی چاہیے اور ایران پر مسلط ناجائز عالمی پابندیوں کو واپس لینا چاہیے، اگر سابقہ امریکی پالیسیاں تبدیل نہ ہوئیں تو نئے امریکی صدر سے بھی عالم اسلام کو مایوسی ہی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 912312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش