0
Monday 25 Jan 2021 19:25

متعدد جامعات کی جانب سے آن لائن امتحانات کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے، مہر عباس

متعدد جامعات کی جانب سے آن لائن امتحانات کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے، مہر عباس
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے ترجمان مہر عباس نے کہا ہے کہ متعدد جامعات کی جانب سے آن لائن امتحانات کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے، انٹر نیٹ کے مسائل کے باعث طلبہ کو آن لائن کلاسز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بعد ازاں آن لائن امتحانات میں بہت سے طلبہ کو ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکومت کی تعلیم کے حوالے سے ناکام پالیسوں کے باعث طلبہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہوئے ہیں، حکومت کو جامعات کیساتھ مل کر مسئلے کے حل کیلئے ایک جامع پالیسی تیار کرنا ہوگی۔ مہر عباس کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں، عالمی ادارہ صحت کے بنائے ہوئے ایس او پیز کے تحت جامعات میں تعلیم و تدریس کا عمل جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آن لائن تعلیم سے متعدد طلبہ کا تعلیمی حرج ہوا، جس کا تاحال ازالہ نہیں کیا گیا، ایک طرف طلبہ پر جامعات کو بھاری فیسیں ادا کرنے کا بوجھ ہے اور دوسری طرف طلبہ آن لائن کلاسز اور امتحانات کے مسائل سے بھی دوچار ہیں۔ مہر عباس کا کہنا تھا کہ بہت سی جامعات میں طلبہ کو کیمپس میں امتحانات کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے، جبکہ طلبہ امتحانات کیخلاف نہیں بلکہ وہ بہتر امتحانی نظام کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاکہ وہ تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو طلبہ کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنا ہوگا، بصورت دیگر تمام طلبہ سڑکوں پہ آکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 912320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش